بی جے پی اور ایس پی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام - مایاوتی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-18

بی جے پی اور ایس پی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام - مایاوتی

لکھنو
پی ٹی آئی
بہوجن سماج پارٹی( بی ایس پی) صدر مایوتی نے آج مرکز کی بی جے پی حکومت اور سماج وادی پارٹی پر اتر پردیش میں عوام کو پر امن ماحول فراہم کرنے میں ناکام رہنے کا الزام عائد کیا ۔ ایک صحافتی بیان میں مایاوتی کے بی ایس پی اجلاس میں تقریر کے حوالے سے بتایا گیا کہ قومی سطح پر بی جے پی حکومت اور ریاستی سطح پر سماج وادی پارٹی حکومت عوام کو پر امن ہم آہنگی کے حامل اور منصفانہ ماحول فراہم کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ مرکز کی نریندر مودی اور ریاستی سماج وادی پارٹی حکومت کے درمیان یہ مقابلہ چل رہا ہے کہ عوام کو گمراہ کرنے کون زیادہ بلند بانگ دعوے کرسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ دونوں حکومتیں جن کی قیادت بالترتیب بی جے پی اور سماج وادی پارٹی کررہی ہیں، کروڑوں دلتوں ، پسماندہ طبقہ ، اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں اور اعلی ذات کے غریبوں کی بہبود کے سلسلے میں بے حس ہیں اور انہیں کوئی اہمیت نہیں دیتی ہیں ۔ یہ چیز قومی مفاد میں نہیں ہے۔ مایاوتی نے جو اتر پردیش اور اتر کھنڈ میں پارٹی یونٹوں کے سینئر قائدین کے ایک اجلاس سے خطاب کررہی تھیں ، کہا کہ اصل پوزیشن جماعتیں اور عام لوگ اب بی ایس پی کی اس بات سے اتفاق کررہی ہیں کہ اتر پردیش میں جنگل راج چل رہا ہے اور سماج وادی پارٹی کے دور میں ایک مایوس کن حکومت قائم ہے ۔
مایاوتی نے مزید کہا کہ دستوری روایات اور قانون کی خلاف ورزی کی جارہی ہے ۔ جرائم پر قابو اور نظم و ضبط کی صورتحال ابتر ہے ۔ عہدیدار ایک دوسرے سے لڑ رہے ہیں اور ہر طرف کرپشن پھیلا ہوا ہے ۔ عام آدمی کو ہراساں کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کے بحران نے عوام کے لئے صورتحال اور بھی دشوار بنادیا ہے ۔ مایاوتی نے اپنی پارٹی کے مطالبہ کو دہراتے ہوئے کہا کہ گورنر رام نائک نے خودکئی مرتبہ ریاست کی ابتر صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے لیکن یہ چیز مسئلہ کا حل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسی لئے بی ایس پی گورنر سے ایک بار پھر یہ مطالبہ کرتی ہے کہ وہ مرکز کو تحریری طور رپ ریاست کی صورتحال سے واقف کرائیں اور صدر راج کو سفارش کرتے ہوئے اپنا دستوری فرض انجام دیں ۔ انہوں نے کہا کہ بصورت دیگر مصائب کا سامنا کرنے والے عوام کی نظروں میں سماج وادی پارٹی کے ساتھ ساتھ بی جے پی بھی مساوی ذمہ دار قرار دی جائے گی ۔ مایاوتی نے دونوں ریاستوں کے قائدین کو ہدایت کی کہ وہ دونوں ریاستوں میں پارٹی کی بنیادوں کو توسیع دیں۔ مایاوتی نے کہا کہ عوام سے جھوٹے وعدے کرنے کے سلسلہ میں مرکز کی بی جے پی اور اتر پردیش کی سماج وادی پارٹی حکومت کے درمیان چوہا دوڑ جارہی ہے ۔ بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کا احساس ہے کہ اتر پردیش میں صورتحال ابتر ہوگئی ہے اور عام آدمی کو کوئی راحت نہیں مل رہی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اتر کھنڈکی صورتحال بھی اچھی نہیں ہے ۔ کیونکہ وہاں کی کانگریس حکومت عوام کی کسی بھی مدد میں ناکام ہوگئی ہے ۔ اس ریاست میں پارٹی کی تنظیم جدید کے بعد بی ایس پی کا یہ پہلا اجلاس تھا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں