شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملہ - 11 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-25

شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملہ - 11 ہلاک

کوئٹہ
رائٹر
پاکستان کے قبائلی علاقہ شمالی وزیرستان میں ڈرون حملہ میں11مبینہ شدت پسند ہلاک ہوگئے ہیں ۔ ادھر خیبر ایجنسی میں پاکستانی فضائیہ نے شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے جس میں متعدد افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں ۔ پاکستان کے دفتر خارجہ نے آج کے ڈرون حملہ کی مذمت کی ہے اور اسے پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیا ہے ۔ شمالی وزیرستان ایجنسی کی مقامی انتظامیہ کے مطابق ڈرون حملہ آج دوپہر تحصیل دتہ خٰل میں ہوا۔ انتظامیہ کے ایک ملازم کے مطابق امریکی جاسوس طیاروں نے دو گاڑیوں کو نشانہ بنایا جن میں اطلاعات کے مطابق شدت پسند سوار تھے ۔ مہلوکین کی شناخت یا قومیت کے بارے میں معلومات حاصل نہیں ہوسکی ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے فضا میں ڈرون طیارے دیکھے لیکن انہیں یہ معلوم نہیں کہ حملوں میں کتنا جانی نقصان ہوا کیونکہ جن علاقوں میں میزائل داغے گئے ہیں وہاں عام لوگ نہیں جاسکتے ۔ دتہ خیل پاک افغان سرحد کے قریب واقع ایک دور افتادہ علاقہ ہے ۔ ادھر پاکستانی فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے آج خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں بمباری کی ہے جس میں اطلاعات کے مطابق شدت پسندوں کے4ٹھکانے تباہ کردئے گئے ہیں۔ مقامی افراد نے بتایا کہ یہ کارروائی تیراہ کے علاقہ کو کی خیل میں ہوئی جس میں10شدت پسندوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے لیکن سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں کی جارہی ہے ۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے حکام سے اس بارے میں رابطے کی بارہا کوشش ناکام رہی ۔

US drones kill 11 militants in NWA

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں