مہاراشٹرا کے اسمبلی انتخابات میں مجلس کا تنہا مقابلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-25

مہاراشٹرا کے اسمبلی انتخابات میں مجلس کا تنہا مقابلہ

ناندیڑ
اعتماد نیوز
قائد مجلس لیجسلیچر پارٹی جناب اکبر الدین اویسی نے آج کہا ہے کہ مہاراشٹرا کے اسمبلی انتخابات میں مجلس اتحاد المسلمین کسی بھی جماعت سے کوئی اتحاد نہیں کررہی ہے اور تنہا مقابلہ کیاجارہا ہے ۔ جناب اکبر الدین اویسی نے جو ان دنوں مہاراشٹرا کے انتخابی دورے پر ہیں، ناندیڑ میں الکٹرانک میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجلس مہاراشٹرا کے کثیر مسلم آبادی والے حلقوں سے امیدوار ٹھہرائے گی ۔ مجلسی قائد نے کہا کہ حالیہ دنوں میں حالات حاضرہ کے جلسوں میں عوام کی کثیر تعداد کی شرکت کے بعد وہ یہ کہنے کے موقف میں ہیں کہ مہاراشٹرا کے اسمبلی انتخابات میں مجلس کے امیدوار کامیاب ہوں گے اور مہاراشٹرا کے اسمبلی میں مجلس کے امیدوار کامیاب ہوں گے اور مہاراشٹرا کے اسمبلی میں مجلس کا داخلہ یقینی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ریاست کے رائے دہندے کانگریس اور این سی پی اتحاد سے مایوس ہوگئے ہیں ۔ جو ان کی توقعات کی تکمیل میں ناکام رہا۔ جناب اکبر الدین اویسی نے کہا کہ مہاراشترا کے مسلمانوں کے علاوہ دلت رائے دہندے بھی مجلس اتحاد المسلمین کو سیکولر پالیسیوں اور پروگراموں سے متاثر ہیں اور انہیں یقین ہے کہ دلت مسلم اتحاد سے مجلس مہاراشٹرا کے کئی حلقوں سے کامیاب ہوگی ۔ انہوں نے مہاراشٹرا کی مخلوط حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے ساتھ این سی پی ہمیشہ ہی مسلمانوں کے ووٹ حاصل کرتے ہیں اور یہ عذر پیش کیاجاتا ہے کہ ان دونوں جماعتوں کو مسلمانوں کے ووٹ نہ ملنے سے سیکولر ووٹ تقسیم ہوجائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے ووٹوں سے اقتدار پر آنے کے بعد ان کے ساتھ سوتیلا سلوک کیاجاتا ہے ۔ مجلسی قائد نے کہا کہ مجوزہ اسمبلی انتخابات میں مجلس اتحاد المسلمین ، دلت اور مسلم طاقت کے ذریعہ اسمبلی میں یقینی طور پر داخل ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشترا میں مسلمانوں کی آبادی تقریباً13فیصد ہے لیکن مخلو ط حکومت نے اقلیتوں کی بہبود کے لئے بجٹ میں صرف500کروڑ روپے مختص کئے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں مجلس اتحاد المسلمین کی نمائندگی پر اس ریاست کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اقلیتوں کی بہبود کے لئے ایک ہزار کروڑ روپے الاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے مرکزی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ نریندر مودی حکومت کی خارجہ پالیسی ناکام ثابت ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک چین ہمارے ہندوستان کے حدود میں مداخلت کررہا ہے ، دوسری جانب مرکزی حکومت نے صدر چین کے دورہ ہند کے موقع پر ان کا شاہانہ استقبال کیا۔

AIMIM contest for Maharashtra assembly alone

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں