ٹی آر ایس حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں - نائب وزیر اعلیٰ محمود علی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-08

ٹی آر ایس حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں - نائب وزیر اعلیٰ محمود علی

نائب وزیر اعلیٰ محمود علی نے کہا ہے کہ1956میں ریاست آندھرا پردیش کے قیام کے بعد آندھرا والوں نے تلنگانہ پر قبضہ کرتے ہوئے اپنی حکمرانی کے ذریعہ مسلمانوں کو ترقی سے روک دیا ۔ یہاں تک کہ مسلمان، دلتوں سے زیادہ پسماندہ ہوگئے ۔ نائب وزیر اعلیٰ محمود علی آج سدی پیٹ میں بعنوان ’’ووٹ کی اہمیت اور ہماری ذمہ داری‘‘ منعقدہ انتخابی جلسہ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ راشٹراسمیتی ایک سیکولر سیاسی جماعت ہے اور وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کے اقتدار میں بالخصوص اقلیتوں مسلمانوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایاجارہا ہے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آصف جاہ سابع ایک سیکولر حکمراں تھے اور ان کے دور میں مہاراجہ کشن پرشاد کو وزیر اعظم بنایا گیا تھا اور اب 56سال بعد وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست تلنگانہ کے نائب وزیر اعلیٰ کا عہدہ اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے فرد کو دیکر ملک بھر میں مثال قائم کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کی جانب سے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے مختص کئے گئے بجٹ میں صرف330فیصد رقم ہی خرچ کی جاتی تھی بقیہ70فیصد رقم دوبارہ خزانہ میں واپس جاتی تھی ۔ اس طرح مسلمانوں کی حق تلفی ہوتی تھی ۔ لیکن وزیر اعلیٰ کے سی آر مسلمانوں کی ترقی کے لئے کوشاں ہیں اور ان کے لئے مختص کردہ ایک ہزار کروڑ روپے مکمل طور پر خرچ کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے پارلیمانی حلقہ میدک کے بی جے پی امیدوار جگا ریڈی کو مخالف تلنگانہ قرار دیتے ہوئے حلقہ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر ریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے بالخصوص مسلمانوں سے خواہش کی کہ وہ رائے دہی میں دلچسپی لیں۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں میں رائے دہی میں کم دلچسپی ان کی ترقی میں ایک بڑی رکاوٹ ہے ۔ ٹی ہریش راؤ نے سوال کیا کہ صدر ٹی ڈی پی اور وزیر اعلیٰ آندھرا پردیش این چندرابابو نائیڈو ، میدک کے ضمنی انتخابات میں بی جے پی امیدوار جگا ریڈی کی انتخابی مہم میں کیوں شرکت نہیں کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دیگر جماعتیں یہ بات سمجھ چکی ہیں کہ انہیں میدک حلقہ لوک سبھا کے ضمنی انتخابات میں ناکامی کا سامنا ہوگا لہذا بشمول چندرابابو نائیڈو ، پون کلیان اور بی جے پی کے مرکزی قائدین سب ہی جگا ریڈی کی انتخابی مہم میں شرکت سے احتراز کررہے ہیں ۔ ریاستی وزیر فینانس ایٹالہ راجندر نے اپنے خطاب میں کہا کہ صدر ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ نے مسلمانوں کی پسماندگی سے متعلق کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا تھا جس پر سابقہ حکومت نے سچر کمیٹی تشکیل دی ۔ لیکن سچر کمیٹی رپورٹ پر مسلمانوں کو انصاف حاصل نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ اب جب کہ مذکورہ مطالبہ کرنے والے قائد کے چندر شیکھر راؤ خود ہی وزیر اعلیٰ کے عہدہ پر فائز ہوچکے ہیں ، انہوں نے مسلمانوں کی ترقی کے لئے کئی اقدامات کا آغا ز کیا ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر ریڈی کو ووٹ دیں ۔ اس جلسہ میں صدر تنظیم المساجد سدی پیٹ جناب اعجاز حفیظ نے بھی خطاب کیا۔ اس جلسہ کی صدارت جناب عبدالقار نے کی ۔ جلسہ میں محمد عبداللیف شہید خان ، سید مسکین احمد ، سلطان عارف، علیم الدین سرور، غوث محی الدین ، عبدالرزاق پاشاہ بھائی ، محمد ظہور ، مظفر الدین ، سید اکبر ، جمال الدین، بابو جانی ، اطہر پٹیل شاکر ہ بیگم۔ سابقہ کونسلر شفیق الرحمن، عبدالوحید ، جنید۔ عبدالقادر اور دیگر موجودتھے ۔

TRS calls for the welfare of minorities - Dy CM Mahmood Ali

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں