سعودی عرب کا 84 واں قومی دن - کابینہ کے دعائیہ اجلاس پرنس سلمان کا خطاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-23

سعودی عرب کا 84 واں قومی دن - کابینہ کے دعائیہ اجلاس پرنس سلمان کا خطاب

جدہ
سعودی پریس ایجنسی
ولی عہد ، نائب وزیر اعظم وزیر دفاع شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز ، شاہی خاندان کے افراد کابینہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سعودی عرب کو بنانے سنوارنے پر بانی شاہ عبدالعزیز اور ان کے جانشین حکمرانوں کو بہترین اجر سے نوازے ۔ وہ پیر کو جدہ کے قصر السلام میں اپنی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے اپنی دعا میں اس بات کو بھی شامل کیا کہ اللہ تعالیٰ خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کو وطن عزیز کو جدید خطوط پر استوار کرنے والے عظیم الشان ترقیاتی و تعمیراتی منصوبے نافذ کرانے اور مملکت کو نئی شکل دینے کی توفیق عطا کرتا رہے ۔ ان دعائیہ کلمات کا اظہار سعودی عرب کے84ویں قومی دن( یوم وطنی) کی مناسبت سے کیا گیا ۔ سعودی قائدین، شاہی خاندان کے افراد اور عوام آج منگل کو وطن عزیز کے طول و عرض میں یوم وطنی شایان شان طریقے سے منائیں گے ۔ وزیر ثقافت و اطلاعات ڈاکٹر عبدالعزیز خوجہ نے اجلاس کے بعد بتایا کہ کابینہ نے مملکت کے84ویں یوم وطنی کے موقع پر فخرو منزلت کا اظہار کیا ، اور مملکت کو امن و امان ، استحکا، اتحاد و سالمیت اور عوام و حکام کے درمیان ہم آہنگی کی انمول نعمتوں سے نوازنے پر رب کریم کے حضور شکر پیش کیا۔
کابینہ نے اس بات پر اظہار اطمینان کیا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے سعودی قیادت نے مملکت بھر میں عدل و انصاف کا بول بالا کررکھا ہے ، اور اسلامی شریعت ، اس کی تعلیمات اور انسانیت نواز اقدار کو معاشرے کا اٹوٹ حصہ بنارکھا ہے ۔ بانی مملکت کے عہد میں ریاست کے قیام سے لے کر تاحال پورے ملک میں بنی نوع انسان سے الفت اور خیر پسندی کا ماحول برپا ہے۔ کابینہ میں سرکاری و نجی اداروں کی حج تیاریوں اور انتظامات پر خصوصی رپورٹیں پیش کی گئیں۔ ان میں واضح کیا گیا کہ سرکاری و نجی ادارے ضیوف الرحمن کو مناسک حج کی ادائیگی میں سہولت و آسانی فراہم کرنے کے لئے گونا گوں خدمات پیش کررہے ہیں ۔ مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ اور مشاعر مقدسہ میں عظیم الشان حج منصوبے نافذ کئے گئے ہیں ۔ سعودی کابینہ نے داعش کی سرگرمیوں پر بے چینی اور تشویش کا اظہار کیا اور یمن کے امن و استحکام کو در پیش خطرات پر اظہار افسوس کیا۔

Saudi Arabia's 84th national day, Prince Salman speaks to cabinet

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں