ایران سعودی وزرائے خارجہ ملاقات - تعلقات کے نئے باب کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-23

ایران سعودی وزرائے خارجہ ملاقات - تعلقات کے نئے باب کا آغاز

دبئی
رائٹر
ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات کو خلیج کے ان دو حریف ممالک کے درمیان تعلقات میں امکانی سدھار کا اشارہ متصور کیاجارہا ہے ۔2013میں صدر ایران کی حیثیت سے علامہ حسن روحانی کے انتخاب کے بعد دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی یہ پہلی ملاقات تھی۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ شیعہ مسلم ایران اور قدامت پسند سنی سعودی حکومت ، اس علاقہ میں اپنے اثرورسوخ کے لئے گویا ایک دوسرے کے حریف رہے ہیں جس کا اظہار’شام ، عراق ، لبنان ، بحرین اور یمن میں سیاسی اور فوجی جدو جہد سے ہوتا ہے۔ وزیر خارجہ ایران محمد جواد ظریف نے نیو یارک میں سعودی وزیر خارجہ پرنس سعود الفیصل سے ملاقات کے بعد تجویز پیش کی کہ یہ مذاکرات دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کی راہ ہموار کرسکتے ہیں ۔ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے ظریف کے حوالہ سے کہا ہے کہ’’میرے سعودی ہم منصب سے میری ملاقات کے بارے میں میرا احساس ہے کہ یہ ملاقات ہمارے دو ممالک کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہوگی۔‘‘ مجھے امید ہے کہ یہ نیا باب، عالمی اور علاقائی امن و سلامتی کے قیام میں موثر رول ادا کرے گا و نیز دنیا بھر میں مسلم ممالک کے مفادات کی حفاظت کرے گا۔‘‘
ارنا کے بموجب سعودی پرنس نے عراق اور شام میں اسلامک اسٹیٹ(آئی ایس) کے عسکریت پسندوں کی پیشرفت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ(سعودی پرنس) صورتحال کی نزاکت اور حساسیت سے بخوبی واقف ہیں ۔’’ہم اس بحران کی اہمیت اور حساسیت کو جانتے ہیں اور ہمارے سامنے جو مواقع ہیں ان سے بھی واقف ہیں ۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اس قیمتی موقع سے استفادہ کرتے ہوئے اور ماضی کی غلطیوں سے گریز کرتے ہوئے ہم اس بحڑان سے کامیابی کے ساتھ نمٹ سکتے ہیں ۔‘‘ یہ دو ممالک مذکورہ علاقہ میں اثر رکھتے ہیں اور ان دونوں ممالک کے درمیان تعاون ، علاقائی و نیز عالمی امن و سلامتی کے استحکام میں مثبت اثر کا حامل ہوگا۔

Zarif, Al-Faisal Announce 'New Chapter' in Iran-Saudi Ties

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں