وزیر اعظم نریندر مودی کی آج امریکہ کے دورہ پر روانگی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-25

وزیر اعظم نریندر مودی کی آج امریکہ کے دورہ پر روانگی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی امریکہ کے5روزہ دورہ پر کل روانہ ہوں گے ۔ امریکہ میں قیام کے دوران وزیرا عظم سرکاری، تجارتی اور عوامی اجلاس میں شرکت کرنے کے علاوہ26ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے اور صدر امریکہ بارک اوباما سے باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ توقع ہے کہ دونوں قائدین کی بات چیت کے ٹھوس نتائج برآمد ہوں گے ۔ ہندوستانی ذرائع نے بتایا کہ ہم دیکھیں گے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا نیو یارک اور واشنگٹن کا یہ پہلا دورہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے عہد کی پابندی کا اشارہ اور دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار ہے ۔ اس موقع پر وزیرا عظم نریندر مودی باہمی طور پر3پڑوسی ممالک کے قائدین سری لنکا کے صدر مہنداراجے پکشا،وزیرا عظم نیپال سشیل کوئرالہ اور وزیرا عظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ سے ملاقات کریں گے ۔ وزیر اعظم پاکستان نواز شریف سے نریندر مودی کی ملاقات کی کوئی تجویز نہیں ہے ۔ ہندوستان کی طر ف سے یہ بھی واضح کردیا گیا ہے کہ امریکہ کے دورہ کے ودران وزیر اعظم نریندر مودی نوراتری کے ضمن میں اپاس بھی رکھیں گے ۔ اس دوران مودی امریکہ کے15سرکردہ کارپوریٹ گھرانوں بشمول گوگل ، بوئنگ اور جنرل الیکٹرک کے سرکردہ عہدیداروں سے بات چیت کریں گے ۔ واضح رہے کہ ہندوستان سمندر پار سے سرمایہ کاری میں اضافے کرنے پر غور کررہا ہے ۔ نیویارک میں29ستمبرکو ناشنہ پر11سرکردہ کارپوریٹ گھرانوں کے نمائندوں سے ملاقات کے علاوہ وزیرا عظم مزید6تجارتی گھرانوں کے سربراہوں سے علیحدہ علیحدہ طور پر ملاقات ملاقات کریں گے ۔ نیویارک میں26ستمبر کوپہنچنے کے بعد زائد از100گھنٹے کے قیام میں ایک اندازے کے مطابق وہ زائد از50پروگراموں میں شرکت کریں۔ تقریباً20ہزار ہندوستانی نژاد امریکیوں سے خطاب اور اس کے بعد ہندوستانی تارکین وطن سے ملاقات کے موقع پر توقع ہے کہ وہ ان افراد سے ہندوستان کی ترقی کے لئے شراکت داری کی ترغیب دیں گے ۔ مودی اپنے قیام کے موقع پر امریکہ کے سرکردہ قائدین سابق صدر بل کلنٹن اور سابق وزیر خارجہ ہلاری کلنٹن ، ساؤتھ کیرولینا کے ہندوستانی نژاد گورنر نکی ہلی سے بھی ملاقات کریں گے ۔ اس موقع پر نیویارک یا واشنگٹن میں قیام کے دوران امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر جیو بوہنر کی جانب سے وزیر اعظم کے اعزاز میں ٹی پارٹی کا انعقاد عمل میں آئے گا۔

وزیر اعظم نریندر مودی نیویارک میں اپنے قیام کے دوران اتوار کو اپنے اسرائیلی ہم منصب بنجامن نتن یاہو سے ملاقات کریں گے ۔ ذرائع کے بموجب وزیر اعظم 28ستمبر کو نتن یاہو سے ملاقات کریں گے جس دن وہ مشہور میڈیسن اسکوائر گارڈن پر ہزاروں ہندامریکیوں سے خطاب کرنے والے ہیں۔ مودی ایک بااثر امریکی یہودی گروپ سے بھی ملاقات کریں گے جس نے انتخابی کامیابی کے بعد انہیں مبارکباد دی تھی ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں