ہندوستانی پراجکٹس میں سرمایہ کاری کے لئے مختلف ممالک کو دعوت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-26

ہندوستانی پراجکٹس میں سرمایہ کاری کے لئے مختلف ممالک کو دعوت

اقوام متحدہ
پی ٹی آئی
ہندوستان نے آج برطانیہ، ناروے ، اور یویان جیسے ممالک کو نئی حکومت کے پراجکٹس اور تجاویز میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی ہے تاکہ معیشت کو فروغ حاصل ہو ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج برطانیہ، سوڈان ، مالدیپ ، ناروے کرغستان ، یونان اور نائیجیریا کے اپنے ہم منصب سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی ۔ ان کے ہم منصبین نے حالیہ عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے پر نئی حکومت کو مبارکباد دی ۔ سوراج نے جذبہ خیر سگالی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں نئی حکومت کی جانب سے شروع کردہ پراجکٹس اور معلنہ تجاویز میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے حصہ لینے کی دعوت دی ۔ ان ملاقاتوں کے دوران ہندوستان کی اقوام متحدہ سیکوریٹی کونسل میں مستقل سکونت کے لئے مضبوط تائید کا اظہار کیا گیا۔ اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل مشن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ قائدین نے اقوام متحدہ میں جنرل اسمبلی کے69ویں اجلاس کے دوران مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
سشما سوراج نے برطانیہ کے خارجہ سکریٹری فلپ ہیمنڈ ، سوڈان کے وزیر خارجہ علی احمد کرتی ، مالدیپ کے وزیر خارجہ دنیا مامون، ناروے کے وزیر خارجہ بورج برنڈے ، کرغستان کے وزیر خارجہ ابدل دیوارلنگ ویکو شووچ، یونان کے نائب وزیر اعظم ایوانگلیلوس وینیز لوس اور نائیجیریا کے وزیر خارجہ امینو والی سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ سشما سوراج ، امریکہ کے دورہ کے دوران تقریباً100وزرائے خارجہ سے ملاقات کریں گی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے وفد میں شامل ہوجائیں گی ۔ مودی 26ستمبر کو نیویارک پہنچیں گے ۔ وزیر خارجہ جی4، آئی بی ایس اے برکس ، کامن ویلتھ اور سارک کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقات کریں گی ۔ وہ برازیل کے اپنے ہم منصب البرٹو پیگریڈو ماچاڈو ، بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ ابوالحسن محمود علی اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ای سے26ستمبر کو ملاقات کرتے ہوئے باہمی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گی ۔

India invites countries to invest in its ambitious projects

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں