عرب ممالک داعش کے خلاف مشترکہ کاروائیوں پر متفق - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-09

عرب ممالک داعش کے خلاف مشترکہ کاروائیوں پر متفق

عرب وزرائے خارجہ نے اتوار کو ایک اجلاس کے دوران انتہا پسند گروپ کے خلاف مشترکہ کارروائی پر اتفاق رائے کا اظہار کیا۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق انہوں نے خصوصی طور پر دولت اسلامیہ (آئی ایس) پر توجہ مرکوز رکھنے پر رضامندی ظاہر کی ۔ انہوں نے تاہم اس سلسلہ میں امریکہ کے ساتھ امکانی تعاون کا کوئی تذکرہ نہیں کیا ۔ ژنہوا نیوز ایجنسی نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ قاہرہ میں اتوار کو ایک اجلاس کے دوران وزراء نے انتہا پسند گرو کو کسی بھی نوعیت کے مالی تعاون یا سیاسی رعایت سے محروم رکھنے میں مشترکہ تعاون کا عہد کیا ۔ انہوں نے انسداد دہشت گردی پر عرب کنوینشن میں شامل نہ رہنے والے عرب ممالک سے اس مہم میں جلد از جل شمولیت کی درخواست کرتے ہوئے وضاحت کی کہ دہشت گردی کے خلاف قومی اور علاقائی حکمت عملی ضروری ہے ۔ اجلاس سے قبل کی اطلاعات کے مطابق عرب ممالک آئی ایس پر کنٹرول حاصل کرنے میں امریکہ کے ساتھ تعاون پر متفق روائے ہونے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ داعش نے شام اور عراق کے بعض علاقوں پر قبضہ کررکھا ہے ۔ تاہم اجلاس کے دوران امریکہ کے ساتھ تعاون کے موقف پر تبادلہ خیال نہیں ہوا۔ دریں اثناء اردن نے وضاحت کی کہ آئی ایس کے خلاف کسی بھی اتحاد میں شامل ہونے کا خواہش مند نہیں ۔ اردنی مملکتی وزیر میڈیا امور محمد معمانی نے بتایا کہ اردن ، دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں سے مقابلہ کرنے والے تمام ممالک کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہے اور ان کی وضع کردہ حکمت عملی سے متفق ہے ۔ قبل ازیں ہفتہ کے روز امریکہ نے یہ ظاہر کیا تھا کہ انتہا پسند گروپ داعش کے خطرات سے نمٹنے کے لئے ایک اتحاد کا قیام زیر غور ہے ۔ ویلز میں ناٹو اجلاس سے خطاب کے دوران اوباما نے کہا تھا کہ آئی ایس کے خطرات سے نبردآزمائی کے لئے اتحاد کا قیام ضروری ہے اور امریکہ ، القاعدہ کی طرح اس گروپ کو بھی نیست و نابود کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔

Arab League urges joint military, political confrontation with ISIS

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں