مودی کا تاریخی سرکاری دورہ نیپال اختتام پذیر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-05

مودی کا تاریخی سرکاری دورہ نیپال اختتام پذیر

کھٹمنڈو
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی کا دو روزہ تاریخی دورہ نیپال پیر کے دن اختتام پذیر ہوا۔ جس میں انہوں نے دو طرفہ تعلقات پر مشتمل معاہدوں کے فروغ کے لئے4سی نظریہ، کو آپریشن (تعاون) کنکٹوٹی(رابطہ) کلچر(ثقافت) اور کنسٹی ٹیوشن(قانون سازی) پرتوجہ مرکوز کرنے پر زور دیا۔17سال بعد پڑوسی ملک نیپال کا دورہ کرنے والے سب سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی نے نیپالی قیادت بشمول صد ر رام بارن یادو اور وزیر اعظم سکھل کوئرالہ پر تحریری آئین سازی کو اختیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا ۔ ہندوستانی وزارت برائے امور خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے مودی کی بات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ’’آپ کو اپنی پارٹی نہیں بلکہ ملک کے بارے میں فکر کرنی چاہئے۔ نیپال کو سب سے پہلے آئین سازی کی ضرورت ہے ۔ اپنے دورہ کے دوران وزیر اعظم نے نیپال کو اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ہندوستان، نیپال کے داخلہ امور میں کسی قسم کی مداخلت کرنا نہیں چاہتا۔‘‘ نیپال کے معاملت میں ہندوستانی مداخلت کی خدشات کا زالہ کرنے کے لئے وزیر اعظم نے کہا کہ ’’ہندوستان کا کوئی ایسا ارادہ نہیں ۃے کہ نیپال کے کسی بھی معاملہ میں آمریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مداخلت کرنے بلکہ نیپال کو اپنے ملک کی مستحکم اور خوشحال جمہوری تعمیر کے لئے خود اپنا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ پی ٹی آئی کے مطابق نیپال کے ماؤسٹ جو کبھی ہندوستان کے سخت مخالف تھے، اب نریندر مودی کے مداح ہوگئے ہیں جس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ باہمی تعلقات نئی بلند یوں پر پہنچیں گے ۔ اپنے دورہ کے دوسرے اور آخری دن مودی نے مشہور پشوپتی ناتھ مندر میں پوجا کی اور صدر رام بارن یادو کے علاوہ ماؤسٹ قائدین پرچنڈااور بابو رام بھٹارائے سے ملاقات کی جنہوں نے اس ملک میں بادشاہت ختم کرنے میں کلیدی رول ادا کیا تھا۔ مودی نے کل نیپال کی پارلیمنٹ سے خطاب کیا تھا اور آج انہوں نے صدر رام برن یادو کے ساتھ باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ اس مقع پر وزیر اعظم سشیل کوئرالہ بھی موجود تھے ۔15منٹ طویل اس ملاقات کی مزید تفصیلات دستیاب نہیں ہوسکیں۔ اس ملاقات کے بعد لنچ کا اہتمام کیا گیا جس میں ویجیٹیرین اور گجراتی ڈشیں رکھی گئی تھیں۔ پرچنڈا نے مودی سے ملاقات کے بعد میڈیا کو بتایا کہ ہند۔ نیپال کے مابین ایک نیا باب شروع ہوا ہے ۔ ہماری بات چیت بے حد ثمر آور اور تاریخی رہی ہے۔ مودی امن کے عمل کے حامی ہیں ۔ قبل ازیں موصولہ اطلاع کے بموجب نیپال کے لیڈر پشپ کمار دہل عرف پرچنڈا نے آج یہاں ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ نیپال ۔ماؤسٹ یونائٹیڈ کمیونسٹ پارٹی( یو سی پی این) کے صدر پرچنڈا ان مختلف سیاسی قائدین میں شامل ہیں جو مودی کے دو روزہ دورہ نیپال سے واپسی سے قبل ان سے ملاقات کریں گے ۔ یو سی پی این ایم نیپال اسمبلی کی اصل اپوزیشن جماعت ہے اور نئے دستور کی تیاری کے لئے اس کی تائید لازمی ہے۔ قبل ازیں مودی نے نیپال کے صدر رام برن یادو ، وزیر اعظم سشیل کمار کوئرالا کے ساتھ باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ہندوستان اور نیپال کے کئی عہدیدار موجود تھے ۔

ایک اور اطلاع کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے آج یہاں پشو پتی ناتھ مندر میں پوجا کی اور مندر کے احاطہ میں دھرم شالہ کی تعمیر کے لئے25کروڑ روپے کا عطیہ دیا۔ اسکے علاوہ انہوں نے ڈھائی ہزار کلو صندل کی لکڑی کا بھی عطیہ دیا ۔ مودی نے نیپال کے صدر رام برن یادو سے ملاقات کے لئے روانہ ہونے سے پہلے پشو پتی ناتھ مندر میں حاضری دی ۔ واضح رہے کہ مودی نیپال کے دو روزہ دورہ پر ہیں۔ وہ گزشتہ17سال میں نیپال کا دورہ کرنے والے پہلے وزیر اعظم ہیں۔ پشوپتی ناتھ مندر کو نیپال کا سب سے قدیم اور مقدس مندر مانا جاتا ہے جو400صدی عیسوی میں تعمیر کیا گیا تھا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں