اتر پردیش کے ضلع میرٹھ میں کشیدگی برقرار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-05

اتر پردیش کے ضلع میرٹھ میں کشیدگی برقرار

میرٹھ
پی ٹی آئی
اتر پردیش کے ضلع میرٹھ کے سراوا گاؤں میں مدرسہ کی ایک خاتون ٹیچر کی اجتماعی عصمت دری اور جبراً اس کا مذہب تبدیل کئے جانے کی خبر پر میرٹھ میں آج دوسرے روز بھی کشیدگی برقرار رہی ۔ اگرچہ پولیس نے اب تک دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، تاہم دوسرے سیاسی لیڈروں کے ساتھ بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جیپی) لیڈروں کے احتجاجی مظاہروں کی وجہ سے شہر کی کشیدگی میں مزید شدت پیدا ہوگئی ۔ متاثرہ ٹیچر کے اہل خانہ نے کل ایک ایف آئی آر درج کرائی تھی جس میں ایک نوجوان اور اس کی فیملی کو متاثرہ کے ساتھ زیادتی کرنے کا الزام لگایا گیا ہے جس کے نتیجے میں لڑکی ک اندرونی چوٹیں آئی تھیں ۔ اس ایف آئی آر کی خبر پھیلتے ہی فرقہ وارانہ طور پر حساس ترین شہر میرٹھ کی فضا میں کشیدگی پھیل گئی تھی ۔ ایف آئی آر میں نام درج کئے گئے چار ملزمان میں سے ایک سراوا گاؤں کا سربراہ اور ایک مدرسہ کے اہلکار کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ جب کہ باقی دو کی تلاش جاری ہے ۔ واضح رہے کہ20سالہ لڑکی سراوا گاؤں کے مدرسہ میں ہندی اور انگلش کی ٹیچر تھی ، اس نے بتایا کہ23جولائی کو اس کا اغوا کرلیا گیا تھا اور ہاپوڑ کے کسی مدرسہ میں لے جایا گیا تھا اور پھر وہاں سے اسے مظفر نگر لایا گیا تھا۔ متاثرہ نے دعویٰ کیا کہ اس کی اجتماعی عصمت دری کی گئی اور بعد میں جبراً ایک مخصوص فرقے کا مذہب قبول کرنے اور اپنا نام بدلنے کے لئے اس کو مجبور کیا گیا۔ تاہم متاثرہ خاتون ٹیچر2اگست کو یرغمالیوں کے قبضے سے بچ کر نکلنے میں کامیاب ہوگئی۔ اس کے بعد اس نے اہل خانہ سے رابطہ کیا ۔ سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ شہر میں کشیدگی کے پیش نظر بعض حساس علاقوں میں نیم فوجی دستے اور ریاستی پولیس کے دستے تعینات کردئیے گئے ہیں ۔ متاثرہ خاتون نے بعد میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ اس نے مظفر نگر میں40دیگر لڑکیوں کو بھی دیکھا ہے جنہیں ایک خفیہ زیر زمین کمرے میں رکھا گیا ہے ۔ اسکے دعوے کے مطابق پولیس نے مظر نگر کے مدرسے کی تلاشی لی، لیکن پولیس کو وہاں ایسا کچھ نہیں ملا۔ وہاں صرف15لڑکیاں ملیں جو چھٹی پر وہاں آئی تھیں ۔ پولیس متاثرہ کے بتائے گئے خٖفیہ زیر زمین کمرے کاپتہ لگانے میں بھی ناکام رہی ۔ کل متاثرہ خاتون کی طبی جانچ بھی کی گئی تھی۔ دریں اثناء ضلع پولیس اتھارٹی نے کھرکھوندا پولیس اسٹیشن کے انچارج اور سینئر سب انسپکٹر دنیش کمار کا تبادلہ کردیا ہے۔ ان کے خلاف اس پورے واقعے کے سلسلے میں انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں