میدک ضمنی انتخاب - دلچسپ مقابلہ متوقع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-25

میدک ضمنی انتخاب - دلچسپ مقابلہ متوقع

حیدرآباد
پی ٹی آئی
میدک لوک سبھا حلقہ کے ضمنی انتخابات تمام بڑی جماعتوں کے درمیان سخت مقابلہ کے باعث دلچسپ ہوں گے ۔ کانگریس جنرل سکریٹری و انچارج پارٹی امور تلنگانہ و آندھرا پردیش ڈگ وجئے سنگھ نے آج کہا کہ پارٹی تنہا انتخابات میں حصہ لے گی۔ تلنگانہ ، کانگریس کے لئے مستقبل کے لائحہ عمل پر بات چیت کرتے ہوئے دو روزہ کنونشن کے موقع پر خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ میدک کا ضمنی انتخاب ہونے والا ہے ۔ ہم اپنے امیدوار کا فیصلہ کریں گے ۔ بعض اخبارات میں شائع ہوا ہے کہ مقابلہ پر مفاہمت یا معاہدہ پر فیصلہ ہوسکتا ہے تاہم اس اطلاع میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔ ہم اپنے طور پر انتخابات میں مقابلہ کے اہل ہیں۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کے استعفیٰ کے باعث ضمنی انتخاب منعقد ہورہا ہے جنہوں نے قان ساز اسمبلی (گجویل) اور پارلیمانی حلقہ میدک دونوں کے لئے مقابلہ کیا تھا۔ دونوں پر زبردست کامیابی حاصل ہوئی تھی ۔ دریں اثناء ضمنی انتخابات کے لئے کانگریس کے ممکنہ امیدواروں میں سابق وزیر سنیتا لکشما ریڈی اور سابق رکن اسمبلی جئے پرکاش ریڈی کے نام گشت کررہے ہیں ۔ تلگو دیشم پارٹی اور بی جے پی این ڈی اے میں شرکاء ہیں۔
توقع کی جارہی ہے کہ ضمنی انتخابات میں بھی ان کی مفاہمت برقرار رہے گی ۔ تلنگانہ، تلگو دیشم پارٹی اور بی جے پی قائدین کا اجلاس آج منصوبوں کو قطعیت دینے منعقد ہورہا ہے ، اس مسئلہ پر اس وقت بھی بات چیت کی گئی تھی جب بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے تلگو دیشم پارٹی کے صدر و چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو سے دو روز قبل دورہ کے موقع پر ملاقات کی تھی ۔ تلگو دیشم پارٹی کی جانب سے بی جے پی کی حمایت کے آثار نظر آتے ہیں ۔ ضمنی انتخابات میں بی جے پی کے امیدوار کو میدان میں اتارا جائے گا۔ زعفرانی جماعت اور نریندر مودی حکومت کی شہرت کے بل بوتے پر میدک کی نشست کو چھین لینے کی کوشش کررہی ہے ۔ ٹی آر ایس چاہتی ہے کہ یہ نشست دوبارہ حاصل کرلے کیوں کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے استعفیٰ کے باعث یہ نشست خالی ہوئی ہے اور میدک ان کا آبائی ضلع ہے ۔ تلنگانہ ایمپلائز یونین قائد دیوی پرساد کا نام ٹی آر ایس پارٹی کے امکانی امیدوار کے طور پر لیاجارہا ہے ۔ 13ستمبر کو اس حلقہ میں رائے دہی ہوگی اور نامزدگیاں داخل کرنے کی آخری تاریخ27اگست ہے۔ ووٹوں کی گنتی 16ستمبر کو کی جائے گی۔

Medak Bypoll Likely to Wintness Keen Contest

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں