امریکہ میں مودی استقبالیہ کو تاریخی بنانے ہندوستانی برادری کی تیاریاں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-11

امریکہ میں مودی استقبالیہ کو تاریخی بنانے ہندوستانی برادری کی تیاریاں

واشنگٹن
پی ٹی آئی
امریکہ میں مقیم ہندوستانی برادری وزیر اعظم نریندر مودی کی امریکہ آمد پر شاندار استقبالیہ پروگرام کرے گی۔ وزیر اعظم ستمبر کے دروان سالانہ جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک پہنچیں گے ۔ وائٹ ہاؤز میں وہ صدر بارک اوباما سے بھی ملاقات کریں گے ۔ مجوزہ استقبالیہ کے منتظمین گزشتہ کئی ہفتوں سے ایک ایسے مقام کی تلاش میں ہیں جہاں60تا80ہزار افراد کی نشست کو یقینی بنایاجاسکے ۔ فی الحال ان کی توجہ نیویارک میں یانکی اسٹیڈیم اور نیوجرسی میں جیانٹس اسٹیڈم پر مرکوز ہے ۔ نیوجرسی میں80ہزار اور یانکی اسٹیڈیم میں60ہزار نشستوں کی گنجائش ہے ۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ ستمبر کے اواخر میں دونوں ہی اسٹیڈیم محفوظ ہیں ۔ جب کہ وزیر اعظم کا دورہ انہیں دنوں مقرر ہے ۔ تقریب کے ایک مہتمم بھرت برائی نے یہ اطلاع دی ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مودی کے دورہ کی تواریخ کا اعلان ہنوز باقی ہے تاہم ان کی عوامی خیر مقدمی کے لئے28ستمبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے ۔ بھرت برائی نے بتایا کہ ہندوستانی امریکی برادری میں نریندر مودی بے حد مقبول ہیں لہذا تقریب میں ہزاروں افراد کی شرکت یقینی ہے ۔ اوورسیز فرینڈس آف بی جے پی کے صدر چندر کانت پٹیل نے بتایا کہ پرہجوم عوامی ریالی کے انعقاد کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں اور مودی کے گرمجوشانہ اور تاریخی استقبال کی تیاریاں نیو جرسی اور نیویارک علاقہ میں قومی سطح پر ہورہی ہیں۔پٹیل نے بتایا کہ تمام ہندوستانی اور نسلی تنظیموں کے سربراہوں کو مدعو کیا جائے گا اور استقبالیہ کو تاریخی بنانے کے تمام انتظامات کئے جائیں گے۔26مئی کو وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد نریندر مودی کا یہ اولین دورہ امریکہ ہوگا۔

Indian-American community in US to accord grand welcome to PM Narendra Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں