عراق سے تلنگانہ اور اے پی کے مزید ورکرس کی واپسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-08

عراق سے تلنگانہ اور اے پی کے مزید ورکرس کی واپسی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
تلنگانہ اور آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے84تعمیراتی ورکرس کاایک بیاچ آج عراق سے یہاں واپس ہوا۔ ورکرس کا کہنا ہے کہ وہ جنگ زدہ ملک میں موت کے منہ سے بچ کر واپس ہوئے ۔ ضلع مغربی گوداوری سے تعلق رکھنے والے ایک مستری سوریہ نے بتایا کہ وہاں حالات بہت خطرناک ہیں۔ ہم جہاں کام کررہے تھے وہاں سے صرف30کلو میٹر دور جنگ شروع ہوگئی تھی اس لئے ہم نے سوچا کہ وقت آگیا ہے کہ اپنی زندگیاں بچانے کے لئے یہ ملک چھوڑ کر وطن واپس ہوجائیں ۔ سوریہ ان84مزدوروں میں شامل تھاجنہیں نجف میں بنگلے تعمیر کرنے کے ایک پراجکٹ کے لئے لیجایا گیا تھا۔ نجف، عراق کے دارالحکومت بغداد سے180کلو میٹر دور ہے ۔ورکرس کا گروپ عراقہ ایرویز کی ایک پرواز کے ذریعہ آج صبح دہلی پہنچا ۔ انہیں دہلی میں اے پی بھون میں ٹھہرایا گیا ہے ۔ ان میں38کا تعلق اے پی سے جب کہ ماباقی ورکرس کا تعلق تلنگانہ سے ہے۔ تلنگانہ کے گنگا راجم نے دعویٰ کیا کہ ان کے آجر نے انہیں گزشتہ تین ماہ سے تنخواہ ادا نہیں کی ۔ ہماری کمپنی نے ہمیں گزشتہ تین ماہ سے کوئی اجرت ادا نہیں کی ہے۔ ہمارے پاس عراق میں ہندوستانی سفارتخانہ کے عہدیداروں کا فون نمبر موجود تھا اور ہم نے انہیں فون کیا تو وہ ہمارے بچاؤ کے لئے پہنچ گئے۔ گنگا راجم ضلع کریم نگر سے تعلق رکھتا ہے۔واپس ہونے والے کئی ورکرس نے الزام عائد کیا کہ ان کی بحفاظت ہندوستان واپسی کیلئے ان کے آجر نے انہیں کوئی مدد دینے سے انکار کردیا ۔ انہوں نے ممبئی کی ایک رکروٹنگ ایجنسی کے خلاف بھی الزامات لگائے کہ یہ ایجنسی ہماری مدد کرنے میں پوری طرح ناکام رہی۔ ہم صرف ہندوستانی سفارتخانہ کی کاوشوں کی بدولت ہی ملک واپس ہوسکے ہیں ۔ نہ تو کمپنی اور نہ ہی ایجنسی نے ہماری بحفاظت واپسی کے لئے کوئی قدم اٹھایا۔ تلنگانہ کے ایک ورکرس سرینواس نے یہ الزام عائد کیا ۔ ان ورکرس کو6ماہ تا دو سال کے معاہدوں پر لے جایا گیا تھا۔ جس کے لئے انہیں ماہانہ350امریکی ڈالر تا500امریکی ڈالر تنخواہ کا وعدہ کیاگیا تھا ۔ ورکرس نے اگرچہ ہندوستان بحفاظت واپسی پر راحت کی سانس لی ہے تاہم وہ اپنے مستقبل کو لے کر پریشان ہیں کیونکہ انہوں نے قرض لے کر سمندر پار نوکری کے لئے ایجنسی کو ادائیگیاں کی تھیں ۔ اسی دوران مرکزی حکومت نے ورکرس کو اپنے آبائی مقات پہنچانے کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں ۔ تمام84ورکرس کو شام میں ایک خصوصی طیارہ کے ذریعہ حیدرآباد روانہ کردیاجائے گا۔ اے پی حکومت نے اپنے دو عہدیدار تعینات کئے ہیں تاکہ حکومت اور ورکرس کے درمیان تال میل برقرار رہے ۔

84 Telangana, Andhra Pradesh Workers Return from Iraq

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں