تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے لئے صدر نشین ریلائنس گروپ کا اظہار آمادگی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-08

تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے لئے صدر نشین ریلائنس گروپ کا اظہار آمادگی

حیدرآباد
آئی اے این ایس
ریلائنس گروپ کے صدر نشین انیل دھیرو بھائی امبانی نے آج چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کر کے نو تشکیل شدہ ریاست میں سرمایہ کاری کے لئے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ۔ سرکاری عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ اعلیٰ صنعت کار نے چیف منسٹر کو تیقن دیا کہ وہ تلنگانہ کی تعمیر نو کے ریاستی حکومت کے مشن میں اپنا حصہ ادا کریں گے ۔ انہوں نے برقی پیداوار اور انفراسٹرکچر ، صنعت اورمیڈیا کے شعبوں میں سرماریہ کاری پر اپنی آمادگی کا اظہار کیا ۔چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں یہ بات بتائی گئی ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کی حیثیت سے گزشتہ ماہ اپنے عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد کسی اہم صنعت کار کی چندر شیکھر راؤ سے یہ پہلی ملاقات تھی۔ انیل امبانی نے چندر شیکھر راؤ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آپ کی زندگی میرے والد دھیرو بھائی امبانی کے مماثل ہے جو اپنی سخت جدو جہد کے ذریعہ ایک صنعت کار بنے اور آپ نے بھی سخت محنت سے تلنگانہ حاصل کیا۔ کے سی آر نے جواب میں امبانی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انکی حکومت تلنگانہ کی ہمہ گیر ترقی کے لئے ایک جامع منصوبہ مرتب کرنے کے مرحلہ میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک صنعتی پالیسی جاری کی جائے گی جونہ صرف شفاف ہوگی بلکہ سرمایہ کار دوست بھی ہوگی۔

Anil Ambani calls on KCR, Ready to Invest in Telangana

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں