شعبہ صحت کا بجٹ دگنا کرنے تلنگانہ حکومت کا منصوبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-21

شعبہ صحت کا بجٹ دگنا کرنے تلنگانہ حکومت کا منصوبہ

حیدرآباد
آئی اے این ایس
ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راؤ نے آج کہا کہ تلنگانہ حکومت شعبہ صحت کے لئے بجٹ دگنا کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ اس طرح صحت عامہ کی خدمات میں زبردست بہتر ی لائی جائے گی۔ ریاستی وزیر نے یہاں انڈو۔ گلوبل ہیلتھ کیر چوٹی اجلاس و ایکسپو2014کا افتتاح کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ، شعبہ صحت کے لئے موجودہ2فیصد بجٹ کو بڑھاکر اسے دگنا کرنے کا نشانہ مقرر کرچکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ٹی آر ایس حکومت نئی ریاست تلنگانہ کے شعبہ صحت میں نئی روح ڈالنے کے لئے اپنے عہد کی پابند ہے کیونکہ ریاست کی85فیصد آبادی علاج و معالجہ کے لئے اس شعبہ پر انحصار کرتی ہے۔ چوٹی اجلاس کا چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ افتتاح کرنے والے تھے تاہم ان کی غیر حاضری میں ان کے بیٹے و ریاستی وزیر تارک راما راؤ نے اس کا آغاز کیا۔ انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ علاقہ میں ناکافی اسپتالوں کے باعث دور افتادہ علاقوں سے لوگوں کو علاج کے لئے200کلو میٹر کا فاصلہ طے کرکے حیدرآباد پہنچنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ چیف منسٹر نے یہ اعلان کررکھا ہے کہ تلنگانہ کے ہر ضلع میں حیدرآباد کے نمس کے خطوط پر سوپر اسپشیالٹی اسپتالوں کا قیام عمل میں لایاجائے گا۔

حیدرآبادکو فارماسٹی میں تبدیل کیاجائے گا: کے ٹی راما راؤ
یو این آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نگہداشت صحت کے بجٹ کو دوگنا کرنے اور صحت کی خدمات میں بہتری کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ وزیر آئی ٹی نے آج ہوٹل تاج کرشنا میں انڈیا گلوبل ہیلتھ کیئر سمٹ اور ایکسپو2014عالمی کانفرنس و نمائش برائے نگہداشت صحت کا افتتاح انجام دیا ۔ کے ٹی آر کے نے کہا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی نئی حکومت صحت کے شعبہ میں تبدیلی لانا چاہتی ہے ۔، انہوں نے کہا کہ اضلاع میں نگہداشت صحت کے ادارے زیادہ نہ ہونے سے سبب دور دراز کے عوام حیدرآباد کا رخ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ کے ہر ضلع میں نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس(نمس) کے طرز پر ہاسپٹل قائل کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے ہر منڈل اور تعلقہ ہیڈ کوارٹر میں پرائمری ہیلتھ سینٹرس اور ایریا اسپتال قائم کئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر نے اس بات کا تیقن دیا ہے کہ ہیلتھ کیر شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی ہر طرح سے حوصلہ افزائی کی جائے گی اور ان کی ممکنہ مدد بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں عالمی درجہ کے ہاسپٹل ہیں اور حیدرآباد عنقریب میڈیکل ٹوارزم کا ہب بن سکتا ہے ۔، انہوں نے کہا کہ حکومت حیدرآباد کو فارماسٹی میں تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔، یہ تین روزہ اجلاس انڈین میڈیکل اسوسی ایشن، تلنگانہ حکومت اور انڈس فاؤنڈیشن کی جانب سے مشترکہ طور پر منعقد کیاجارہا ہے ۔ یہ اجلاس تلنگانہ کے قیام کے بعد پہلی مرتبہ حیدرآباد میں ہورہا ہے ۔

Telangana to double budget allocation for healthcare

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں