دیوبند سے ملک گیر اسلامک بینکنگ کورس کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-06

دیوبند سے ملک گیر اسلامک بینکنگ کورس کا آغاز

دیوبند۔
(ایس این بی)
معہد الفکر الاسلامی دیوبند اور انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک بینکنگ بنگلور کے اشتراک سے کل دیوبند میں اجلاس منعقد ہوا جس میں اتراکھنڈ کے گورنر ڈاکٹر عزیز قریشی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کا مقصد دیوبند سے اسلامی بینکنگ کے کورسز کا ملک گیرپیمانے پر آغاز تھا۔ معہد الفکر الاسلامی کے ڈائرکٹر ڈاکٹر مفتی یاسر ندیم الواجدی نے اپنے تمہیدی اور افتتاحی خطاب میں کہاکہ دیوبند کوگذشتہ دیڑھ سو سالوں سے علمی قیادت کا شرف حاصل رہا ہے اور آج بھی اس بات کی شدید ضرورت ہے کہ اسلامی بینکنگ کے میدان میں دیوبند قائدانہ رول اداکرے۔ ڈاکٹر عاطف سہیل صدیقی نے مہمانان کرام اور خصوصاً گورنر اتراکھنڈ ڈاکٹر عزیز قریشی کا استقبال کیا اور اپنے استقبالیہ خطاب میں معہد الفکر الاسلامی کا تعارف کرایا۔ ڈاکٹر عزیز قریشی نے اپنے خطاب میں کہاکہ اسلامی بینکنگ کے میدان میں دیوبند سے اٹھایا جانے والا قدم بینکنگ کی دنیا میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ یہ بڑی بدقسمتی کی بات ہے کہ آج مسلمان تعلیم کے میدان میں پسماندہ طبقات سے بھی پیچھے رہ گیا ہے۔ گورنر موصوف نے زور دے کر کہا کہ تعلیم ہی وہ واحد ذریعہ ہے جس کی مدد سے قوم ترقی یافتہ قوموں کے ہم پہہوسکتی ہے، پروگرام کے صدر مولانا نعمت اﷲ اعظمی استاذ حدیث دارالعلوم دیوبند نے کہاکہ سود کی حرمت صرف اسلام ہی میں نہیں ہے بلکہ دنیا کے ہر مذمب میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسلام کے تجارتی اصولوں مدارس کے نصاب میں بھی پڑھائے جاتے ہیں مگر ضرورت اس بات کی ہے کہ طلبائے مدارس کو جدید اصطلاحات سے واقف کرایا جائے۔ انہوں نے حکومت سے بھی اپیل کی اس سلسلے میں وسعت نظری کا مظاہرہ کرے اور غیر سودی بینکاری کو ملک میں نافذ کرے۔ شکاگو کے معہد تعلیم الاسلام کے مہتمم مولانا قاری عبداﷲ سلیم نے کہاکہ ہمیں اسلامی بینکنگ کی اصطلاح کے بجائے غیر سودی بینکنگ کا لفظ استعمال کرنا چاہئے تاکہ برادران وطن بھی خندہ پیشانی سے اس عظیم نظام سے استفادہ کرسکیں۔ اس موقع پر آسٹریلین سینٹر فار اسلامک فائنانس کے چےئرمین ایلمرکولن نے اپنے ویڈیو خطاب میں ہندوستان میں اسلامی بینکاری کے امکانات پرروشنی ڈالی۔ انہوں نے کہاکہ اگر ہندوستان کے مڈل کلاس طبقے کی آمدنی کو شرعی اصولوں کے مطابق کاروبار میں لگایا جائے تو اس طبقے کی آمدنی زیادہ محفوظ رہے گی۔ انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک بینکنگ کے بنگلور کے ڈائرکٹر الیاس پاشا نے اپنے انگریزی خطاب میں بتایاکہ اس افتتاحی پروگرام کے بعد پورے ملک میں اس ادارے کی 50شاخیں کھولی جارہی ہیں۔ مولانا ندیم الواجدی نے ڈاکٹرعزیز قریشی کو سپاس نامہ پیش کیا۔ پروگرام سے خطاب کرنے والوں میں مشہور قانون داں کامران رضوی(دہلی) بھی شامل رہے۔دیگر شرکاء میں مولانا عبداﷲ جاوید، راحت خلیل، انیس الرحمن، فہیم نمبر دار، جمیعۃ علماء اتراکھنڈ کے صدر مفتی رئیس احمد وغیرہ قابل ذکر رہے ۔ پروگرام کا اختتام مولانا قاری عبداﷲ سلیم صاحب کی دعا پر اس کے بعد اسلامی بینکنگ کے تعلق سے سوال و جاب کا سلسلہ جاری رہا۔

Nationwide Deoband Islamic Banking Course launched

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں