تلگو دیشم بی جے پی اتحاد کو شکست دی جائے - اسد اویسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-16

تلگو دیشم بی جے پی اتحاد کو شکست دی جائے - اسد اویسی

صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے حلقہ اسمبلی راجندر نگر کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ فرقہ پرست طاقتوں کو اقتدار پر آنے سے روکنے کے لیے حکمت عملی کے تحت اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اور سیما آندھرا میں تلگو دیشم بی جے پی اتحاد کو شکست دینا بھی رائے دہندوں کی ذمہ داری ہے۔ کیونکہ تلگو دیشم کو ووٹ دینے کا مطلب بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کو ووٹ دینا ہے۔ ہندوستان کے سیکولر رائے دہندوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں نریندر مودی کو حکومت تشکیل دینے سے روکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حلقہ اسمبلی راجندر نگر میں کانگریس میں اس بات کی اہلیت نہیں ہے کہ وہ اس حلقہ سے تلگو دیشم بی جے پی امیدوار کو شکست دے سکے اور یہ کام مجلس اتحاد المسلمین ہی کر سکتی ہے۔ بی جے پی تلگو دیشم اتحاد دراصل فرقہ پرست اتحاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ رائے دہی کے فیصد میں بھی اضافہ ہونا چاہیے اگر کسی ووٹر کے پاس شناختی کارڈ نہیں ہے تو وہ راشن کارڈ یا آدھار کارڈ یا ڈرائیونگ لائسنس ، بنک پاس بک دکھا کر بھی اپنے ووٹ کا استعمال کر سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مجلس گذشتہ 55 سال سے عوام کے درمیان رہتے ہوئے ترقیاتی کاموں کو روبہ عمل میں لا رہی ہے۔

Defeat telugu desam bjp alliance- Asad Owaisi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں