انتخاب نے افغانستان کو باوقار بنایا - کرزئی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-07

انتخاب نے افغانستان کو باوقار بنایا - کرزئی

واشنگٹن
یو این آئی
افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے طالبان شدت پسندوں کی طرف سے دھمکیوں کے باوجود 58 فی صد افراد کی جانب سے حق رائے دہی استعمال کرنے پر افغان عوام کی تعریف کی ہے۔ کرزئی کا کہنا تھا کہ انتخابات میں عوام کی شمولیت نے ہمارے پیارے وطن کو باعزت اور کامیاب بنایا۔ ہفتہ کو ہونے والے صدارتی انتخابات ملک میں جمہوری انداز میں اقتدار کی منتقلی کا پہلا مرحلہ تھا اور اس دوران ووٹ ڈالنے کے لئے لوگوں نے اتنی بڑی تعداد میں پولنگ مراکز کا رخ کیا کہ بعض مقامات پر بیلٹ پیپرز کی کمی کا سامنا بھی کرنا پڑا ۔ افغانستان کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے جان کوبس نے بھی افغان عوام کی انتخابات میں بھرپور شرکت کی تعریف کی ۔ اس سے پہلے امریکہ کے صدر بارک اوبامہ نے بھی ایک بیان میں افغان عوام کو " تاریخی " انتخابات میں ووٹ ڈالنے پر مبارک باد پیش کی تھی۔ انھوں نے اس موقع پر ان امریکی شہریوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جنھوں نے ان انتخابات کو ممکن بنانے کے لئے " بے شمار قربانیاں " دیں۔ صدر اوبامہ کا کہناتھا کہ انتخابات کا نعقاد افغانستانکے لئے جمہوری مستقبل اور بین الاقوامی حمایت جاری رہنے کے لئے بہت اہم تھا۔ انتخابات کے ابتدائی نتائج رواں ماہ کے اواخر تک سامنے آئیں گے جبکہ حتمی نتائج کا اعلان 14 مئی تک کیا جائے گا۔ اگر امیدواروں میں سے کوئی بھی 59 فی صد ووٹ حاصل نہ کر سکا تو انتخابات کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگا ۔ ا مریکہ کے وزیر دفاع چک ہیگل نے کہا کہ ڈالے گئے ووٹوں کی شرح دنیا پر یہ ظاہر کرتی ہے کہ افعان عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا چاہتے ہیں ۔ ناٹو کے سیکریٹری جنرل نے بھی انتخابات پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ " ہر ایک ووٹ جمہوریت کے لئے ووٹ تھا " ۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے افعان عوام کی بڑی تعداد میں انتخابات میں شمولیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ طالبان کی دھمکیوں کے باوجود لوگوں کی شرکت قابل تعریف ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں