عشرت قتل کیس - امیت شاہ کو ملزم بنانے کی درخواست - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-27

عشرت قتل کیس - امیت شاہ کو ملزم بنانے کی درخواست

ایک مقامی عدالت نے آج یہاں سی بی آئی کو ایک درخواست پر جواب داخل کرنے 25 دن کی مہلت دی جس میں گجرات کے سابق وزیر امیت شاہ اور سابق ڈی جی پی کے آر کوشک کو2004ء کے عشرت جہاں فرضی انکاونٹر کیس میں ملزم بنانے کی گذارش کی گئی ہے۔ اس فرضی انکاونٹر میں ہلاک پرنیش پلے عرف جاوید شیخ کے والد گوپی ناتھ پلے نے خصوصی سی بی آئی جج گیتا گوپی کے اجلاس پریہ درخواست پیش کی ہے۔ سی بی آئی کے وکیل نے آج عدالت میں پیش ہوتے ہوئے درخواست پر غور کرنے 30 دن کی مہلت طلب کی ۔ مہلوک کے وکیل شمشاد پٹھان نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے عدالت کو بتایاکہ جب سی بی آئی کے پاس تمام ملزمین کے خلاف شواہد موجود ہیں تو تحقیقاتی ایجنسی کو وقت حاصل کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ یہ ایک اہم وقت ہے اور انتخابات کا انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ ان (امیت شاہ اور کوشک) کی آزادانہ نقل و حرکت سے نقصان ہوسکتا ہے۔ سی بی آئی کے وکیل نے اس پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے گوپی ناتھ پلے کے وکیل سے کہاکہ وہ کیس میں ملوث افراد کو ملزم قرار دینے سے گریز کریں کیونکہ اس استغاثہ نے ابھی ان کی درخواست پر کوئی فیصلہ نہیں کیاہے۔ خصوصی سی بی آئی جج گپتا گوپی نے یہ بھی کہا کہ اگر اس اہم وقت پر اس مسئلہ کی سماعت کی گئی تو نظم و ضبط کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ استغاثہ اور درخواست گذار کے دلائل کی سماعت کے بعد عدالت نے سی بی آئی کو 21اپریل تک مہلت دے دی۔ قبل ازیں 14 مارچ کو عدالت نے امیت شاہ، کوشک اور تحقیقاتی ایجنسی سی بی آئی کو اس کیس کے سلسلہ میں نوٹس جاری کی تھی۔

Ishrat Jahan encounter: Court grants time to CBI on plea to make Amit Shah accused

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں