پاکستان کیلیے جاسوسی - فریدکوٹ سے فوج کا کلرک گرفتار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-27

پاکستان کیلیے جاسوسی - فریدکوٹ سے فوج کا کلرک گرفتار

army-clerk-arrested-for-spying-for-pakistan
پنجاب خفیہ ایجنسی خصوصی آپریشن سیل نے پاکستان کے لئے جاسوسی کرنے والے فوج کے ایک کلرک کو بدھ کی صبح فریدکوٹ سے گرفتار کیا ہے ۔
ملزم کے قبضے سے سرحدی علاقوں میں قائم حساس فوجی علاقوں کے نقشے ، تصاویر اور دیگر ایسی خفیہ معلومات حاصل ہوئی ہیں ، جو اس نے ای میل کے ذریعے پاکستان کو بھیجی ہیں ۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔ اس سے مزید کئی دستاویزات ملنے کا امکان ہے ۔
خصوصی آپریشن سیل کے ایس ایس پی منموہن سنگھ نے بتایا کہ انہیں اطلاع ملی تھی کہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی فوج کے جوانوں کو لالچ دے کر پاکستان کے لئے جاسوسی کروا رہی ہے ۔ اور یہ بھی پتہ چلا کہ فریدکوٹ کے پارک ایونیو علاقے میں مقیم فوج کا کلرک لو دیپ سنگھ پاکستان کے لئے جاسوسی کر رہا ہے ۔ وہ فریدکوٹ آرمی کینٹ کے ای۔سی۔ایس محکمہ میں تعینات ہے ۔ بدھ کی صبح جب لودیپ سنگھ خفیہ معلومات لے کر جا رہا تھا تب پولیس پارٹی نے فریدکوٹ بائی پاس کے قریب اسے گرفتار کر لیا اور اسے ریاستی خصوصی آپریشن سیل کے ہیڈ کوارٹر امرتسر لایا گیا ۔ تفتیش کے دوران ملزم سے فریدکوٹ ، فیروزپور اور فاضلکا سیکٹر کے فوج کے علاقوں کے نقشے ، تصاویر ، فوج کی طرف سے سرحد پر بنائے گئے نئے بنکروں کی تصویر اور فوج کی طرف سے سرحد پر کی جانے والی ٹریننگ کی تصویر کے ساتھ ساتھ کچھ کاغذات بھی برآمد ہوئے ہیں ۔
سرحد پر کی جانے والی فوجی کاروائی ، مستقبل میں میں سرحد پر بنائے جانے والے بنکروں ، فوج کی گاڑیوں ، ان کے نمبروں وغیرہ کی معلومات ان کاغذات میں درج ہیں جو کہ آئی ایس آئی کو روانہ کی جانے والی تھیں۔ بتایا گیا ہے کہ لودیپ گزشتہ ڈیڑھ سال سے آئی ایس آئی کے علاوہ بعض پاکستانی فوجی حکام کے ساتھ رابطے میں رہا ہے۔

فوج کے اس کلرک کی گرفتاری کے بعد فوج کے ساتھ ساتھ خفیہ ایجنسیوں میں بھی ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔ بدھ کی شام کو ہی فوج ، آئی۔بی اور دیگر خفیہ ایجنسیوں کے افسران نے کاؤنٹر انٹیلیجنس کے ہیڈ کوارٹر پہنچ کر کلرک سے پوچھ گچھ کی۔ ملزم کو جمعرات کو عدالت میں پیش کرکے پولیس ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔

Army's clerk arrested for spying for pakistan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں