10 ہزار کروڑ روپئے جمع کرنے پر سبرتا رائے کو ضمانت - سپریم کورٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-27

10 ہزار کروڑ روپئے جمع کرنے پر سبرتا رائے کو ضمانت - سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے سہارا گروپ کے سربراہ سبرتا رائے کو 10ہزار کروڑ روپئے جمع کرنے کی شرط کے ساتھ عبوری ضمانت دی ہے۔ سپریم کورٹ نے سرمایہ کاروں کو20ہزار کروڑ روپئے واپس کرنے سہارا گروپ کی طرف سے پیش کردہ نئی تجویز پر آج سماعت کے دوران کہاکہ اس میں سے 5ہزار کروڑ روپئے نقد جمع کرانے ہوں گے اور بقیہ 5ہزار کروڑ روپئے سکیورٹی اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (سیبی) کے نام بینک گیارنٹی کے طورپر عدالت یں جمع کرانے ہوں گے۔ عدالت نے اس کے بعد اس معاملہ کی سماعت کل تک کیلئے ملتوی کرتے ہوئے سہارا گروپ سے ان بینک کھاتوں کی فہرست طلب کی ہے جن کھاتوں سے یہ رقم ادا کی جائے گی تاکہ ان کھاتوں سے لین دین پر سپریم کورٹ کی طرف سے جاری پابندی ہٹائی جاسکے۔ سرمایہ کاروں کے 20ہزار کروڑ واپس نہ کرنے کے معاملہ میں عدالت میں حاضر نہ ہونے کی وجہہ سے سہارا گروپ کے سربراہ سبرتا رائے اور اُن کے گروپ کے 2دیگر ڈائرکٹرس گذشتہ 4مارچ سے تہاڑ جیل میں قید ہیں۔ یاد رہے کہ 31اگست 2012ء کو عدالت نے سہارا گروپ کو سرمایہ کاروں کی رقم واپس نہ کرنے پر اس رقم کو سیبی کے پاس جمع کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اس ہدایت کو نہ ماننے کی وجہہ سے عدالت نے سبرتا رائے اور گروپ کے 2دیگر ڈائرکٹروں کو عدالت میں پیش ہونے کہ ہدایت دی تھی۔ ان تینوں کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر سپریم کورٹ نے ان کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا تھا اور گذشتہ 4مارچ کو انہیں جیل بھیج دیا گیا تھا۔ جسٹس کے ایس رادھا کرشنن اور جسٹس جگدیش کہیاڑ پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کہاکہ ہم یہ بات صاف طورپر کہنا چاہتے ہیں کہ یہ ہدایت اس لئے جاری کی گئی ہے تاکہ سبرتا رائے اور ان کے گروپ کے دو دیگر ڈائرکٹر عدالت کی ہدایت کے مطابق سرمایہ کاروں کی بقایا رقم لوٹاسکیں۔ سہارا گروپ نے عدالت کو یقین دلایا کہ وہ 3دن کے اندر 2500کروڑ روپئے ادا کرے گا۔ اس کے بعد تین قسطوں میں 3500 کروڑ روپئے جون، ستمبر اور دسمبر کے آواخر تک جمع کرے گا۔ بقیہ 7ہزار کروڑ روپئے 31مارچ تک ادا کئے جائیں گے۔

Subrata Roy can get bail if pays Rs 10000 crore to investors: SC

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں