مسلمان کانگریس کے ووٹ بینک نہیں - سلمان خورشید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-27

مسلمان کانگریس کے ووٹ بینک نہیں - سلمان خورشید

مسلمان کانگریس کے ووٹ بینک ہرگز نہیں بلکہ قومی آزادی کے اس ہر اول دستہ کے ساتھ ان کا جذباتی رشتہ ہے جس کا پارٹی نے ہمیشہ احترام کیا ہے۔ اس تمہید کے ساتھ وزیر خارجہ سلمان خورشید نے کہاکہ کانگریس ایک قومی پارٹی ہے جو مذہب اور ذات کے حوالے سے اپنی کوئی پہچان نہیں رکھتی ۔ اس حقیقت کی دستاویزی شہادتیں موجود ہیں۔ ایک خصوصی انٹرویو میں سلمان خورشید نے کہاکہ ووٹ بینک کی سیاست اور ذات و مذہب کے حوالے سے انتخابی کاروبار نے ملک کو جو نقصان پہنچایا ہے، اس سے اقلیت سمیت سماج کا ہر طبقہ منفی طورپر متاثر ہوا ہے۔ بدقسمتی سے ویسا ہی ماحول اس بار بھی پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا کانگریس کی قیادت میں یوپی اے کی 10سالہ حکمرانی کے دوران سماج کے پسماندہ طبقات، اقلیتوں، خصوصاً مسلانوں کا معیار زندگی بلند ہوا ہے سلمان خورشیدنے اثبات میں جواب دیتے ہوئے کہاکہ مسلمانوں کی تعلیمی، اقتصادی اور بے روزگار سے منسلک ترقی کے اقدامات پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، کیونکہ سچر سفارشات نے اس سمت میں مؤثر رہنما خطوط مرتب کردئیے ہیں۔ سلمان خورشید نے مزید کہاکہ ہندوستانی مسلمانوں کو قومی ترقی کا متناسب طورپر حصہ دار بنانے کیلئے زندگی کے ہر شعبہ میں ان کی 15فیصد نمائندگی ضروری ہے اور کانگریس کی قیادت والی حکومت نے اس سمت میں منظم طورپر پیش رفت کی ہے۔ یہ پوچھے جانے پر کہ وہ ایسی کس اسکیم یا تجویز کو بہت موثر پاتے ہیں؟ سلمان خورشید نے کہاکہ مسلم طلبہ و طالبات کو اسکالرشپ دینے کے اقدام نے بڑے پیمانے پر اثرات مرتب کئے ہیں اور مسلم خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے انہیں گھر بیٹھے روزگار سے جوڑنے کی کوشش بار آور ثابت ہوتی نظر آرہی ہے۔ مسلمانوں کو ریزرویشن دئیے جانے کے بارے میں یوپی اے کی پیشرفت کی بابت ایک سوال کے جواب میں سلمان خورشید نے کہاکہ ریزرویشن کی بنیاد پسماندگی ہے، مذہب نہیں لیکن پسماندگی کا دائرہ اتنا وسیع ہے کہ اس کا 27فیصد ریزرویشن کے ذریعہ احاطہ سب کیلئے ناکافی ہے اور یہی وجہہ ہے کہ پسماندہ مسلمانوں کوالگ سے 4.5فیصد ریزرویشن دینے کا فیصلہ کیا گیا جو سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے مزید کہاکہ بعض ریاستوں بشمول کرناٹک اور کیرالا میں جائزہ کے جب یہ پتہ چلا کہ پوری مسلم آبادی پسماندگی کی بنیاد پر ریزرویشن کی مستحق ہے تو وہاں کریمی لےئر کو الگ کرکے یہ سہولت اسی طرح مسلمانوں کیلئے بھی عام کردی گئی جس طرح دوسروں پر اس کا اطلاق ہوتاہے۔ انتخابی امکانات کی بابت پوچھے جانے پر سلمان خورشید نے کہاکہ یہ ملک سیکولر تھا اور سیکولر رہے گا۔ کانگریس نے سیکولر اقدار کی ہمیشہ آبیاری کی ہے، اس لئے کسی اندیشہ کی مطلق گنجائش نہیں ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں