حلب کی سنٹرل جیل پر باغیوں کو قبضہ،کئی قیدیوں کو چھڑا لیا گیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-08

حلب کی سنٹرل جیل پر باغیوں کو قبضہ،کئی قیدیوں کو چھڑا لیا گیا

دمشق
(ایجنسیاں)
شام میں انقلابی کارکنوں کی جانب سے فراہم کردہ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ حلب شہر کی سنٹل جیل کے ایک حصے پر باغیوں کی نمائندہ ’جیش الحر‘ نے قبضہ کرلیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق سرکاری فوج اور باغیوں کے درمیان حلب سنٹرل جیل کے آس پاس گھمسان کی جنگ جاری ہے ۔ جیش الحر نے جمعرات کو جیل کی پہلی بلڈنگ پر اپنا کنٹرول حاصل کرلیا تھا جس کے بعد جیل کے بقیہ حصے کی جانب سے پیش قدمی شروع کردی گئی تھی ۔ سرکاری فوج کی جانب سے باغیوں پر فضائی حملوں کے نتیجے میں انہیں پیش قدمی میں قدرے مشکل کا سامنا ہے۔ دوسری جانب شامی حکومت نے حلب سنٹرل جیل پر باغیوں کے قبضہ کی اطلاعات کی سختی سے تردید کی ہے ۔ سرکاری موقف میں بتایا گیا ہے کہ مسلح افواج کو حلب سنٹرل جیل پر مسلح حملے کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن باغیوں کو پسپا کردیا گیا ہے ۔ ادھر انسانی حقوق کے ادارے ’سیرین آبزرویٹری‘ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جیش الحر نے حلب سنٹرل جیل پر حملے کے بعد جیل میں قید سینکڑوں افراد کو چھڑا لیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق باغی فوج نے جیل کے بیشتر حصے پر اپنا کنٹرول مضبوط بنالیا ہے ۔ لیکن سرکاری ٹیلی ویژن نے اس خبر کی سختی سے تردید کی ہے ۔ انسانی حقوق آبررویٹری کے ڈائر کٹر رامی عبدالرحمن نے بتایا کہ القاعدہ سے وابستہ گروپ’النصرہ فرنٹ‘اور شام فریڈم موومنٹ نے حلب سنٹرل جیل کے 80فیصد حصہ پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد سیکنڑوں قیدیقں کو چھڑالیا ہے ۔ جیل کے بقیہ حصے پر قبضے کے لیے لڑائی جاری ہے ۔ سرکاری ٹیلی ویژن کی رپورٹ میں حلب جیل پر باغیوں کے قبضے کی خبر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ہماری بہادر افواج اور جیل کے حفاظتی عملے نے دہشت گردوں کے ایک گروپ کے حملے کو ناکام بنادیا ہے اور باغی بھاری جانی نقصان کے بعد پسپا پوگئے ہیں ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں