کرپشن کانگریس کی شناخت - لدھیانہ جلسہ سے مودی کا خطاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-24

کرپشن کانگریس کی شناخت - لدھیانہ جلسہ سے مودی کا خطاب

سابق فوجیوں کے لئے ایک رتبہ ، ایک وظیفہ منظور رکرنے میں تاخیر پر یوپی اے حکومت کی مذمت کرتے ہوئے نریندر مودی نے مسلح افواج کو دھوکہ دینے کا کانگریس پر آج الزام عائد کیا اور کرپشن کے خلاف لڑنے میں راہول گاندھی کے عزم کا مضحکہ اڑایا۔ حلیف شرومنی اکالی دل (ایس اے ڈی) کے قائدین کے ساتھ فتح ریالی سے خطاب کرتے ہوئے گجرات کے چیف منسٹر نے ان کی ریاست کے کچھ علاقہ سے سکھ کسانوں کی نقل مکانی کے بارے میں باتوں کو افواہیں اور جھوٹ کا پلندہ قراردیا۔ انہوں نے تیقن دیا کہ گجرات سے کوئی سکھ کسان نقل مکانی نہیں کرے گا۔ انہوں نے بی جے پی ۔ایس اے ڈی اتحاد کو ہندو ۔سکھ اتحاد کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اتحاد نے پھوٹ ڈالو اور حکومت کرو کا کانگریسی کھیل ختم کردیا۔ اپنی 30منٹ طویل تقریر کے دوران مودی نے کانگرس پر تنقیدیں کیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی عوام کو بے وقوف بنانے کے لئے ان کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے بجائے اب کالی مرچ کے اسپرے کا استعمال کر رہی ہے ۔انہوں نے تلنگانہ بل پر بحث کے دوران ایک کانگریسی رکن پارلیمنٹ کی جانب سے کالی مرچ کے اسپرے کے استعمال کے واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بات کہی۔ بی جے پی کے وزارت عظمی کے امیدوار نے کرپشن کے مسئلہ پر دیگر جماعتوں کو نشانہ بنانے پر گاندھی خاند ان کے خلاف نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ : مجھے حیرت ہے کہ کانگریس قائدین کرپشن کے مسئلہ پر اب دیگر جماعتوں پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں؛ حالانکہ کرپشن کانگریس کی شناخت بن گیا ہے ۔جب راجیو گاندھی وزیر اعظم کی حیثیت سے ملک پر حکمرانی کر رہے تھے تو اس وقت کانگریس کے سوا کوئی پارٹی نہیں تھی جو پارلیمنٹ سے پنچایت تک اقتدار بر تھی۔اس وقت انہوں نے کہا تھاکہ : جب وہ دہلی سے ایک روپیہ خرچ کرتے ہیں تو محض 15پیسے موضع تک پہنچتے ہیں ۔ وہ پنجہ کیساتھا جو ایک روپیے کے سکہ کو رگڑتا تو یہ 15پیسے بن جاتی ، مودی نے مزید کہا کہ اگر وہ وزیر اعظم منتخب ہوجائیں تو ایک چوکیدار کی حیثیت سے اعلی عہدہ سنبھالیں گے اور پنجہ کو سرکاری خزانہ پر سایہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ انہوں نے ایک رتبہ ایک وظیفہ کے مسئلہ پر کانگریس پر نکتہ چینی کی ۔ راہول گاندھی کے زور دینے پر حکومت نے سابق فوجیوں کا ایک رتبہ ایک وظیفہ کا دیرینہ مطالبہ قبول کر لیا تھا، مطالبہ قبول کرتے ہوئے چند روز قبل فنڈ کے لئے 500کروڑ روپیئے مختص کئے تھے ، اس فیصلہ سے مسلح افواج کے تقریبا 30لاکھ فوجیوں کو فائدہ پہنچے گا۔مودی نے حیرت کا اظہار کیا کہ حکومت نے گزشتہ بجٹ میں یہ تجویز کیوں نہیں پیش کی ؛ حالانکہ وہ گزشتہ 10سال سے بر سراقتدار ہے ۔ دہلی کی حکومت مسلح افواج کے ساتھ دھوکہ بازی کا کھیل کھیل رہی ہے ۔ اس سے قبل کانگریس کے وزیر فینانس نے متعدد بار ایک رتبہ ایک وظیفہ کے اعلانات کئے تھے ؛ مگر انہیں کبھی عملی جامہ نہیں پہنایا گیا۔

ABCD is now identity of Congress corruption: Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں