پرانے شہر کی خبریں - old city news 27 jan 2014 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-27

پرانے شہر کی خبریں - old city news 27 jan 2014


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2014-jan-27

(اعتماد نیوز)
مسلمان، اپنی اولاد کو تعلیم یافتہ اور دین دار بنائیں۔ انہیں بنیؐ پاک کی محبت سکھائیں اور اسلامی کردار کے ساتھ ان کی تربیت کریں۔ تب ہی وہ قوم و ملت کے لئے ایک اثاثہ ثابت ہوسکتے ہیں۔ سرکار دو عالمؐ سے اگر محبت زیادہ ہوگی تو اس کی وجہہ سے آپؐ کی تعلیم و اطاعت میں بھی اضافہ ہوگا۔ تب ہی ہمارا ایمان مکمل ہوگا۔شوہر اپنی بیوی کے، بیوی اپنے شوہر کے حقوق ادا کرے۔ والدین کا احترام کیا جائے۔ چھوٹوں پر شفقت کی جائے۔ ہر کوئی اپنے حقوق کو ادا کرے تو معاشرہ میں کسی کو کوئی شکایت نہیں ہوگی۔ مسلمان، اﷲ اور اس کے رسولؐ کے بتائے ہوئے راستہ پر چلیں گے تو انہیں دنیا اور آخرت دونوں میں کامیابی حاصل ہوگی ورنہ ذلت و رسوائی مقدر بن جائے گی۔ کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے زیر اہتمام دارالسلام جلسہ میلاد النبیؐ برائے خواتین سے پس پردہ خطاب کرتے ہوئے علماء اور قائدین نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس جلسہ کی نگرانی بیرسٹر اسد الدین اویسی ایم پی صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے کی۔ اس جلسہ میں خواتین ملت اور دختران امت کی بڑی تعداد شریک تھی۔ مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ مسلمان اپنے بچوں کو سرکار دو عالمؐ کی محبت کی تعلیم دیں جس سے ان میں تعظیم اور اطاعت کا جذبہ پیدا ہوگا۔ تب ہی ان کا ایمان مکمل ہوگا۔ نبیؐ کی محبت میں اضافہ ہوگا تو اس کے نتیجہ میں اسلام میں پختگی پیدا ہوگی اور دین مستحکم ہوگا۔ مفتی خلیل احمد نے کہاکہ کائنات کا ہر ذرہ کسی نہ کسی مقصد کے تحت پیدا کیا گیا ہے۔ انسان کی پیدائش عیش و عشرت، تجارت کیلئے نہیں، بلکہ یہ چیزیں ختم ہونے والی ہیں۔ انسان کو خدا کی عبادت اور مصطفیؐ کی عظمت کیلئے پیدا کیاگیا۔ ساری کائنات کو حضور پاکؐ کی وجہہ سے تخلیق کیاگیا۔ اسی لئے حضورؐ سے محبت ہوتو ایمان مکمل ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اﷲ نے نبیوں کو ان ہی کی قوم میں پیدا کیا تاکہ وہ قومیں اپنے نبی کے بچپن کو دیکھے، ان کے اخلاق اور کردار کو دیکھے اور ایمان لائے۔ حضوراکرمؐ نے 40برس کی عمر تک اپنی قوم کے روبرو اخلاق و کردار کے شاندار نمونے پیش کئے۔ آپؐ نے ایک دوسرے کے حقوق مقرر فرمائے۔ اگر کوئی ان حقوق کی خلاف ورزی کرے گا تو اس نے معاشرہ میں بگاڑ پیدا ہوگا۔ حضوراکرمؐ نے اہم معاملات میں خواتین سے مشورہ کرکے ہمارے لئے نمونہ پیش کیا۔ سوائے نبوت کے تمام علوم اور مراتب مرد کے برابر عورت کو دئیے گئے۔ دین اسلام کے زیادہ تر احکامات ام المومنین سیدہ عائشہؓ یعنی ایک خاتون کے ذریعہ ہمیں حاصل ہوئے۔ مفتی خلیل احمد نے کہاکہ معاشرہ کی سدھار کیلئے ضروری ہے کہ مرد عورت کے حقوق ادا کرے اور عورت مرد کے حقوق ادا کرے۔ بیرسٹر اسد الدین اویسی صدرکل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد نے اپنے خطاب میں کہاکہ مسلمان اپنے بچوں کو تعلیم یافتہ بنانے کے ساتھ دیندار بھی بنائیں۔ گھر کی تربیت کی ذمہ داری صرف ماں پر نہیں بلکہ باپ پر بھی عائد ہوتی ہے۔ بچے اپنے ماں باپ کو دیکھ کر اپنی زندگیوں میں تبدیلی لاتے ہیں۔ والدین اگر گھروں میں ٹی وی کے سیریلس، گانے اور دیگر خرافات میں مبتلا ہوں گے اور اولاد کو نیک بننے کی تلقین کریں گے تو تربیت نہیں ہوسکے گی۔ اس لئے ضروری ہے کہ نئی نسل کو دین اسلام کا پابند بنایاجائے۔ ہمیں یہ بتایا گیا کہ بہترین خرچ وہ ہے جو اپنی بیوی اور بچوں پر کیا جائے۔ تعلیمات کے مطابق پہلے اپنے گھر والوں کو خواش رکھنے کی ہدایت دی ئی ہے۔ اپنی آنے والی نسلوں کو نیک تعلیم یافتہ اور طاقتور بنانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ قوم کا اثاثہ بن سکیں۔

پریس نوٹ
جامعۃ البنات الاصلاحیہ ملک پیٹ حیدرآباد کی جانب سے 26؍جنوری کو جلسہ عام بنعوان عقیدہ ختم نبوت کی اہمیت دور حاضر کے تناظر میں کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ طالبات جامعہ نے ختم نبوت کے موضوع پر مدلل و محققانہ انداز میں اپنا نکتہ نظر واضح کیا۔ اطاعت رسولؐ بعثت نبوی کے بنیادی مقاصد، ختم نبوت نعمت خداوندی، حرمت رسولؐ و محبت رسولؐ جیسے موضوعات پر روشنی ڈالی۔ جلسہ کی صدارت کرتے ہوئے مولانا جنید احمد رکن آل انڈیا مجلس مشاورت و سابق نائب صدر، سابق صدر جمعیۃ العلماء مہاراشٹرا نے کہاکہ وقت کا تقاضہ ہے کہ عوام الناس کے اندر عقیدہ ختم نبوت کی نزاکتوں کو سمجھنے کا شعور بیدار کیا جائے تاکہ وہ قادیانیت جیسے فتنوں سے آگاہ رہیں اور ان سے بچنے کا داعیہ ان کے اندر پیدا ہو۔ جلسہ کے مہمان مقرر مولانا مفتی عبدالمغنی صدر جمعےۃ العلماء حیدرآباد و نائب صدر مجلس تحفظ ختم نبوت نے اپنے خطاب میں کہاکہ نبیؐ کی ایک حرمت ہوتی ہے نبی کا ایک ناموس ہوتا ہے جس کی حفاظت امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے۔ آپؐ ہمیشہ ختم نبوت کی حقانیت کو واضح کرنے میں لگے رہتے تھے اور موقع بہ موقع بار بار اس کی بات کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ میرے بعد کوئی نبی نہیں ہوگا۔ مولانا محمد ارشد علی قاسمی جنرل سکریٹری مجلس تحفظ ختم نبوت آندھراپردیش نے اپنے خطاب میں کہاکہ سابق انبیاء مخصوص خطوں اور مخصوص قوموں کی جانب بھیجے گئے لیکن محمد رسول ؐ کو ساری دنیا کا نبی بناکر بھیجا گیا۔ آپؐ پر نبوت کا سلسلہ ختم ہوگیا۔ اگر کوئی نبوت کا دعویٰ کرے تو وہ جھوٹا ہے اور جس طرح ہم نے اپنے نبی کی حرمت حفاظت کیلئے اپنی جانیں قربان کردیں اس طرح انہیں بھی کرنا ہے۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں