آدھار کارڈ کے بغیر پکوان گیس کی سربراہی کا تیقن - نائیڈو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-14

آدھار کارڈ کے بغیر پکوان گیس کی سربراہی کا تیقن - نائیڈو

صدرتلگو دیشم اور سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج پیشکش کی کہ اگر آئندہ انتخابات میں ان کی پارٹی کو اقتدار حاصل ہوتا ہے تو وہ گھریلو صارفین کو آدھار کارڈ کے بغیر پکوان گیس سربراہ کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ بالخصوص خواتین گروپس کو آدھار کارڈ کے بغیر پکوان گیس کی سربراہی عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ تلگو دیشم پارٹی نے کئی برس قبل ہی ایسے پروگرامس متعارف کرائے تھے جن کی آج ارویند کجریوال اور نریندمودی نقل کر رہے ہیں ۔ چندرا بابو نائیڈو نے آبائی ضلع چتور میں ناراوالی پلی کے آبائی مقام پر سنکرانتی تہوار میں حصہ لیتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تلگو دیشم پارٹی نے 2004میں ہی تمام فلاحی پروگرامس جیسے مفت پانی اور کرپشن کے خلاف مہم وغیرہ کا آغاز کردیا تھا ، تاہم بد قسمتی سے 2004میں پارٹی اقتدار سے محروم ہوگئی اور ان پروگراموں پر عمل آوری مسدود ہوگئی ۔ اانہوں نے کہا کہ چند کانگریسی اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین اور ارکان اسمبلی کے درمیان سیاسی گٹھ جوڑ اور مجرمین کے ساتھ ساز باز کے ذریعہ ریاست میں سرخ صندل کی اسمگلنگ عروج پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے دور میں بھی اسمگلنگ زوروں پر تھی اور کرن کمار ریڈی کے دور میں بھی اس کا سلسلہ جاری ہے ۔ وائی ایس جگن موہن ریڈی کی شیخی اور غرور کا حوالہ دیتے ہوئے کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو آئندہ لوک سبھا انتخابات میں 30نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی ، چندرا بابو نائیڈو نے سوال کیا کہ اس طرح ایک پارٹی یہ دعوی کیسے کرسکتی ہے جب کہ تلنگانہ میں اس کا ایک بھی ورکر موجود نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا جگن کو تلنگانہ میں ایک نشست تو دور کی بات ہے ایک ووٹ بھی حاصل نہیں ہوگا ۔

lpg without aadhaar card certainty - Naidu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں