سیما آندھرا میں تلنگانہ بل کی کاپیاں نذر آتش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-14

سیما آندھرا میں تلنگانہ بل کی کاپیاں نذر آتش

ریاست کے حامی سرکاری ملازمین اور دیگر نے آج سیما آندھرا کے مختلف مقامات پر روایتی سنگرانتی بھوگی جلانے کے موقع پر تلنگانہ مسودہ بل کی نقولات کو نذر آتش کیں ،تاکہ ریاست کی تقسیم کے خلاف احتجاج میں شدت پیدا کی جاسکے ۔ آندھرا پردیش نان گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن کے صدر پی اشوک بابو کی قیادت میں ضلع پرکاشم کے اونگول میں احتجاج منظم کیا گیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اشوک بابو نے اس بات کی نشاندہی کی کہ تقسیم سے سیاست دانوں کا کچھ بگڑنے والا نہیں ہے ۔ وہ اپنی سیاسی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رکھیں گے ۔ تقسیم سے سیما آندھرا کے طلباء اور ملازمین کا شدید نقصان ہوگا ۔ ساحلی آندھرا اور رائلسیما کے کئی مقامات پر ایسے ہی احتجاجی مظاہروں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔تلگو دیشم پارٹی کے رکن اسمبلی ڈی وردھنا راؤ ،پارٹی کے کسان ونگ کے قائدے کے قائد کے علاوہ اے پی این جی اوزاسوسی ایشن کے ارکان نے ضلع کرشنا میں وجئے واڑہ سے وشاکھا پٹنم جانے والی قومی شاہراہ پر واقع ہنومان جنکشن پر احتجاج منظم کیا ،جہاں انہوں نے تلنگانہ مسودہ بل کی کاپیاں نذر آتش کیں اور ریاست کی تقسیم کے خلاف نعرے بلند کیے ۔ متحدہ ریاست کے حامی ضلع کے گڈی واڑہ میں بھی جمع ہوگئے اور بل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے متحدہ آندھرا پردیش کی تائید میں نعرے لگائے ۔ آندھرا پردیش نان گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن نے متحدہ ریاست کے لیے سلسلہ دار احتجاجی پروگرامس کا منصوبہ بنایا ہے ۔ اسی منصوبہ کے تحت آج یہ مظاہرے کیے گئے ۔ 17 اور18جنوری کو انہوں نے بند کا بھی اعلان کیا ہے ۔ وجئے واڑہ سے موصولہ اطلاع کے بموجب اے پی این جی اوز اسوسی ایشن کے ارکان نے ضلع کرشنا کے کئی مقامات پر تلنگانہ بل کی کاپیاں نذر آتش کیں ۔ انہوں نے بھوگی کے موقع پر تلنگانہ بل کی کاپیاں نذر آتش کرنے کی اپیل کی ، تاکہ ایوان میں بل متعارف کرائے جانے کے خلاف احتجاج کیا جاسکے ۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے اسمبلی کو تلنگانہ مسودہ بل روانہ کرتے ہوئے اس پر مباحث کی ہدایت دی تھی ۔ صدر جمہوریہ کے حکم کے تحت اسمبلی میں مسودہ بل پر مباحث جااری ہیں ،جسے آندھرا پردیش کی تنظیم جدید بل 2013کانام دیا گیا ہے ۔ سردست اسمبلی کوسنگرانتی کی تعطیلات ہیں ۔ 17جنوری کو اجلاس دوبارہ منعقد ہوگا ۔

Pro-united Andhra employees burn draft Telangana bill in Seemandhra

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں