جنرل وی کے سنگھ کشمیر اسمبلی کمیٹی کے روبرو حاضر نہیں ہوئے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-10

جنرل وی کے سنگھ کشمیر اسمبلی کمیٹی کے روبرو حاضر نہیں ہوئے

فوج کے سابق سربراہ جنرل وی کے سنگھ آج جموں و کشمیر مقننہ کونسل کی کمیٹی کے روبرو حاضر ہونے میں ناکام رہے جس نے انہیں ریاست کے قائدین کے خلاف متنازعہ ریمارکس کی وضاحت کیلئے طلب کیا تھا۔ آج ان کی غیر حاضری پر انہیں 22 جنوری کو حاضر ہونے کا تازہ سمن جاری کیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر مقننہ کونسل کی مراعات سے متعلق کمیٹی نے ان کے ان الزامات پر موقف واضح کرنے کیلئے انہیں طلب کیا تھا کہ ریاست کے سیاستدانوں کو فوج رقومات ادا کرتی ہے تاکہ ریاست میں امن و امان بحال رہ سکے۔ ہریانہ ڈی جی پی کے ذریعہ انہیں سمن جاری کیا گیا تھا تاہم وی کے سنگھ کے ایک ساتھی نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے مراعات کمیٹی کو مکتوب تحریر کیا ہے۔ اس کمیٹی نے مکتوب حاصل کرنے کے بجائے انہیں شخصی حاضری کے لئے دباؤ ڈالا۔ مراعات کمیٹی کے رکن دیویندر سنگھ رانا نے کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بتایاکہ جگل کشور شرما کی قیادت میں کمیٹی نے وی کے سنگھ کو 22 جنوری کو دوپہر 2:30 بجے تک کمیٹی کے روبرو حاضر ہونے کی تازہ ہدایت جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رانا، برسر اقتدار نیشنل کانفرنس کے ایم ایل سی اور چیف منسٹر عمر عبداﷲ کے بااعتماد رفیق ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگر اس مرتبہ وی کے سنگھ حاضر ہونے میں ناکام رہتے ہیں تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ کرنل یوبی سنگھ نے جو وی کے سنگھ کے دوست ہیں بتایاکہ سنگھ نے کمیٹی کو مناسب جواب مکتوب کے ذریعہ دیا تھا جسے قبول نہیں کیا گیا۔ ارکان کونسل اجئے سدبھوترا، خالد نجیب سہروردی نے اسمبلی میں جنرل سنگھ کے خلاف مراعات شکنی کا نوٹس دیا تھا۔

VK Singh did not appear before Legislative Council

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں