کشمیر میں یوم جمہوریہ کے موقع پر ہڑتال - معمول کی زندگی متاثر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-27

کشمیر میں یوم جمہوریہ کے موقع پر ہڑتال - معمول کی زندگی متاثر

کشمیر میں علیحدگی پسندوں کی ہڑتال سے معمول کی زندگی متاثر رہی جہاں غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کے ساتھ 65ویں یوم جمہوریہ تقاریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ دکانات اور کاروباری ادارے جو بصورت دیگر اتوار کو کھلے رہتے ہیں دارالحکومت سری نگر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں بند رہے جب کہ لب شاہراہ اشیاء فروخت کرنے والے بھی موجود نہیں تھے۔ بسیں و دیگر گاڑیاں نہیں چلائی گئیں بالخصوص متمول طبقہ کے علاقہ اور سیول لائنس میں یہ صورتحال پائی جاتی تھی تاہم کشمیر میں یوم جمہوریہ تقاریب کا مرکزی مقام بخشی اسٹیڈیم بشمول ایرپورٹ روڈ کے اطراف و اکناف کی شاہراوں کو شہریوں کی ٹریفک کیلئے مسدود کردیا گیا تھا۔ ٹوریسٹ سنٹر چوراہا تا ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ بشمول ریگل چوک، گھنٹہ گھر اور تاریخی لال چوک جو شہر کے مرکزی علاقے ہیں جو مشہور سنڈے مارکٹ سے مربوط ہیں سنسان دکھائی دے رہے تھے جبکہ بلیٹ پروف جیکٹ میں ملبوس سکیورٹی فورسس اپنے ہاتھوں میں خود کار اسلحہ کے ساتھ پہرہ دے رہے تھے۔ وادی کے تحصیل ہیڈ کوارٹر اور دوسرے انتہائی اہم سرکردہ اضلاع سے بھی ہڑتال کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ دریں اثناء وادی کشمیر میں سکیورٹی وجوہات کے تحت تقریباً 3گھنٹے تک موبائل خدمات معطل رہیں جس کے بعد انہیں بحال کردیاگیا۔ آج یہاں 65ویں یوم جمہوریہ منایا جارہا ہے۔ موبائل خدمات فراہم کرنے والے ادارے بشمول بھارت سنچارنگم لمیٹیڈ (بی ایس این ایل) وڈا فون اور اےئرٹیل نے وادی کشمیر کے علاقوں میں اپنی خدمات کو منقطع کردیا تھا۔ جس سے ان علاقوں میں جہاں گرمائی دارالحکومت سری نگر بھی شامل ہے جہاں شدید حفاظتی انتظام میں کلیدی یوم جمہوریہ تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کے انعقاد پر خدمات کو بحال کردیا گیا اور اہم ترین شخصیتیں( وہپس) اپنے گھروں کو لوٹ گئے۔ موبائل خدمات کی عدم دستیابی سے نہ صرف عام گاہک شدید متاثر ہوئے بلکہ وہاں موجود صحافی بھی متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکے جو اپنے متعلقہ دفاتر سے ربط پیدا نہیں کرسکے۔ دیگر اضلاع اور تحصیلی ہیڈکوارٹرس سے بھی موبائل خدمات کو معطل کردئیے جانے کے دوران ربط پیدا نہیں کیا جاسکا۔

Shutdown, restrictions cripple life in Kashmir

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں