دستور ہند کی باز صورتگری کیلیے وزیر اعلیٰ پنجاب کا مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-27

دستور ہند کی باز صورتگری کیلیے وزیر اعلیٰ پنجاب کا مطالبہ

چیف منسٹر پنجاب پرکاش سنگھ بادل نے مرکزی حکومت پر ریاستوں کے اختیارات کو غصب کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے حقیقی و وفاقی جذبہ کو یقینی بنانے کیلئے دستور کی دوبارہ صورتگری کامطالبہ کیا۔ صنعتی شہر لدھیانہ میں یوم جمہوریہ کے موقع پر قومی ترنگا لہرانے کے بعد اپنے خطاب میں بادل نے بتایاکہ گذشتہ سالوں کے دوران مرکزی حکومت نے ریاستی حکومتوں کے اختیارات کو دھکہ پہنچایا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ تعلیم، زراعت، صحت و دیگر شعبوں میں تک ریاستی حکومت مناسب فیصلے نہیں کرسکتی ہے۔ بادل نے بتایاکہ ریاستی حکومتیں عوامی فلاح و بہبود پر فیصلے نہیں کرسکتی ہیں جبکہ مرکزنے ریاستوں کے اختیارات کو غصب کرلیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ریاستوں کو یہ اختیارات دوبارہ لوٹانے کی فوری ضرورت ہے۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی زیر قیادت دستور سازوں کے دشتور میں جس حقیقی وفاقی ڈھانچہ کا تصور کیا گیا ہے اسے حقیقی شکل دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مرکز ریاستوں کی فہرست میں شامل ان کے حقوق میں بدستور مداخلت بیجا کررہا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ریاستوں کی یہ حالت افسوسناک ہے جنہیں معمولی کاموں کے لئے ماتحتین کے مقام پر لاکھڑا کیا گیا ہے۔ مثال کے طورپر انہوں نے لدھیانہ سے جالندھر اور جالندھر سے لدھیانہ ضلع زرعی عہدیدار کے تبادلہ کا حوالہ دیا۔ انہوں نے بتایاکہ زرعی پیداواری اشیاء کی شرحوں اور اس کے مطابق فصلوں کی اقل ترین امدادی قیمت کی شرحوں کے تعین جیسے کسانوں کی فلاح و بہبود سے مربوط اہم مسائل پر بھی ریاستوں کا کوئی کنٹرول نہیں ہے۔ بادل نے بتایاکہ مرکزی حکومت نے امتیازی رویہ اختیار کیا ہے اور ریاستوں کو اسی کے تحت گرانٹس فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ جدوجہد آزادی اور مختلف جنگوں کے دوران ایثار اور قربانیوں کے باوجود نئی دہلی میں مسلسل برسر اقتدار آنے وال کانگریس حکومتیں ہمیشہ پنجاب سے امتیازی رویہ اختیار کرتی رہی ہیں۔

Badal calls for recasting of constitution

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں