راہل اراکین پارلیمان کے انتخاب پر وزیراعظم بننے تیار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-24

راہل اراکین پارلیمان کے انتخاب پر وزیراعظم بننے تیار

کانگریس کارکنوں کی اس دھوم کے بیچ کہ راہول گاندھی کو امیدوار وزارت عظمی نامزد کیا جائے، گاندھی نے آج کہاہے کہ وہ اس پر یقیناً غور کریں گے بشرطیکہ کانگریس برسر اقتدار آئے اور منتخبہ نمائندے انہیں مذکورہ عہدہ کیلئے منتخب کریں۔ راہول گاندھی نے اپنے پارلیمانی حلقہ انتخاب امیٹھی کے 2روزہ دورہ کے آخری دن آج اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ "کانگریس پارٹی میں منتخبہ ارکان پارلیمنٹ، وزیراعظم کا انتخاب کرتے ہیں۔ انتخابات کے بعد اگر ہماری پارٹی برسر اقتدار آئے اور ایم پیز مجھے منتخب کریں تو یقیناً اس (وزارت عظمی) کیلئے غور کروں گا۔ اخبار نویسوں نے راہول گاندھی سے پوچھا تھا کہ آیا وہ وزارت عظمی کی ذمہ داری قبول کرنے تیار ہیں۔ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے بتایاکہ حتی کہ منموہن سنگھ کا انتحاب بھی منتخبہ نمائندوں نے کیا تھا کیونکہ کانگریس میں، انتخابات سے پہلے امیدوار وزارت عظمی کو منتخب کرنے کا سسٹم نہیں ہے۔ "وزیراعظم کا انتخاب کرنا، ارکان پارلیمنٹ کا حق ہے اور یہ حق ان ارکان کے پاس رہنا ہی چاہئے۔ انتخابات سے پہلے امیدوار وزارت عظمی کو چننا، کوئی جمہوری سسٹم نہیں ہے بلکہ شخصیت پرستی کا حصہ ہے"۔ یہاںیہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں صدر پارٹی سونیا گاندھی نے انتحابات سے قبل راہول گاندھی کو امیدوار وزارت عظمی نامزد کرنے سے متعلق مختلف ریاستوں کے پارٹی قائدین کے مطالبات کو مسترد کردیا تھا اور کہا تھا کہ کانگریس میں ایسی (نامزدگی کی) کوئی روایت نہیں ہے۔ راہول گاندھی نے اخبار نویسوں سے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ "اترپردیش میں جمہوریت کافی مضبوط نہیں ہے اور اس ریاست میں شخصیت پرستی بہت ہے"۔ انہوں نے کہاکہ "بی ایس پی میں، مایاوتی ٹکٹس تقسیم کرتی ہیں اور سماج وادی پارٹی میں صرف ایک خاندان، ٹکٹ تقسیم کرتاہے۔ یوپی میں صرف ایم ایل ایزہیں اور انہیں مناسب کام کرنے کی آزادی نہیں ہے"۔ جب ان سے کہا گیا کہ کانگریس کو بھی گاندھی خاندان چلارہا ہے تو انہوں نے کہاکہ اس پارٹی کو 10جن پتھ نہیں چلارہا ہے اس میں اعظم ترین جمہوریت ہے۔

Will consider PM's post if Congress MPs select me after polls: Rahul

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں