فروری کے اوائل میں غیر کانگریسی غیر بی جے پی اتحاد کی تشکیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-12

فروری کے اوائل میں غیر کانگریسی غیر بی جے پی اتحاد کی تشکیل

سی پی ایم جنرل سکریٹری پرکاش کرت نے آج کہاکہ نریندر مودی کا موثر مقابلہ کرنے غیر کانگریسی سیکولر جماعتیں فروری کے اوائل تک ٹھوس انتخابی اتحاد کو قطعیت دیں گی۔ انہوں نے یہاں ارناکولم پریس کلب کے زیر اہتمام صحافت سے ملاقات پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس پارٹی اوراس کی حلیف جماعتیں بی جے پی اور نریندر مودی کا مقابلہ کرنے سے قاصر ہیں۔ بی جے پی اور مودی کا موثر مقابلہ غیر کانگریسی سیکولر اور غیر بی جے پی جماعتوں کے ساتھ وسیع تر اتفاق رائے پر پہنچنے مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قبل ازیں انتخابات کے بعد اپوزیشن کا ایسا محاذتشکیل دیا گیا تھا آج ہم پہلے سے ایک دوسرے کے ساتط ربط میں ہیں اور انتخابات سے قبل علاقائی سطح پر ایک ایسے وسیع تر اتحاد کیلئے کام کررہے ہیں۔ اس مرتبہ انتخابات سے پہلے ہی گذشتہ سال 30 اکتوبر کو 14 جماعتیں اکھٹا ہوئی تھیں۔ تمام جماعتوں کے ساتھ ہماری بات چیت مسلسل جاری ہے۔ فروری کے اوائل تک کسی ٹھوس اتحاد کو قطعیت دی جائے گی تاکہ انتخابات کے بعد ہم بی جے پی کے خلاف اتحاد تشکیل دے سکیں کیونکہ کانگریس کو کامیابی ملنے والی نہیں۔ ملیالی ادیب اور بائیں بازو کی کٹر حامی سارا جوزف کے عام آدمی پارٹی میں شامل ہونے کے فیصلہ کے بارے میں انہوں نے کہاکہ عام آدمی پارٹی نے ایک بڑا اچھا کام یہ کیا ہے کہ وہ متوسط طبقہ کے افراد کو اپنی طرف راغب کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ جو اس سے پہلے سیاست سے دلچسپی نہیں رکھتے تھے۔ اس حد تک یہ ایک مثبت رجحان ہے۔ عام آدمی پارٹی کے پروگراموں اور پالیسیوں کا جائزہ لینا ہوگا۔ وہ بائیں بازو کا متبادل نہیں بن سکتی۔ میٹرو شہروں میں متوسط طبقہ کے بائیں بازو جماعتوں میں دلچسپی کھودینے سے متعلق سوال پر کرت نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ممبئی، دہلی اورچینائی جیسے بڑے شہروں میں بایاں بازو فروغ حاصل نہیں کرسکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ایک حقیقت ہے۔ بیشتر صنعتی علاقے جہاں ٹریڈ یونینیں قائم ہوئی تھیں، اب ان کا وجود باقی نہیں رہا ہے۔ دہلی میں جہاں پہلے 6 ٹیکسٹائل ملز ہوا کرتی تھیں آج کچھ نہیں ہے۔ آئی اے این ایس کے بموجب سی پی ایم جنرل سکریٹری پرکاش کرت نے آج کہاکہ عام آدمی پارٹی،بورژوئی پارٹیوں کا متبادل ہوسکتی ہے بائیں بازو کا نہیں۔ انہوں نے کہاکہ ابھی عام آدمی پارٹی کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا جس نے 28 دسمبر کو دہلی میں اقلیتی حکومت تشکیل دی ہے۔ کرت نے یہاں میڈیا کو بتایا کہ عام آدمی پارٹی نے دہلی میں بہترین مظاہرہ کیا ہے اور وہاں ایک اہم طاقت ہے لیکن دیگر ریاستوں کے بارے میں یقین کے ساتھ کچھ نہیں کہ سکتا۔

Non-Congress, non-BJP combine likely by February: Prakash Karat

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں