شام پر بین الاقوامی کانفرنس میں ہندوستان کی پہلی بار شرکت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-22

شام پر بین الاقوامی کانفرنس میں ہندوستان کی پہلی بار شرکت

جنیوا(سوئزرلینڈ) میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام 22جنوری کو شام کے موضوع پر منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں ہندوستان پہلی بار شرکت کرے گا۔ اس کانفرنس میں تمام متحارب فریقین یعنی شام میں موجود گروپس اور بین الاقوامی نمائندے یکجا ہوں گے تاکہ اس عرب ملک(شام) میں تصادم کے سیاسی تصفیہ کو دریافت کریں۔ سرکاری ذرائع کے بموجب وزیر خارجہ سلمان خورشید جنیوا۔II کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ ہندوستان اس کانفرنس کو عالمی اور علاقائی قوتوں کے وضع کردہ موقفوں کا ارتکاز سمجھتا ہے۔ ہندوستان کا معلنہ موقف یہ ہے کہ شام کے تصادم کے تمام فریقین کے ایک جامع سیاسی تصفیہ کی حمایت کی جائے۔ ہندوستان کا نقطہ نظر یہ ہے کہ بحران کا کوئی فوجی تصفیہ نہیں ہوسکتا اور شام کے مستقبل کا تعین کرنا، شام کے عوام کا کام ہے۔ توقع ہے کہ ہندوستان اپنے اس طریقہ کار کا اعادہ کرے گا اور امن پہل کی تائید کرے گا، شام کے فریقین کے مذاکرات پر عمل میں مدد کا پیشکش کرے گا۔ یہ کانفرنس مانٹریکس( جنیوا) میں منعقد ہورہی ہے۔ تمام مدعو ممالک وزارتی سطح پر شرکت کریں گے۔ اس کے بعد 23-24 جنوری کو شام کے متعلقہ تمام سیاسی جماعتوں اور اقوام متحدہ کے نمائندوں کے درمیان سیاسی مذاکرات ہوں گے۔ اس کانفرنس کی تیاری کے حصہ کے طورپر ہندوستان نے گذشتہ ماہ وزارت خارجہ کے ایک سینئر عہدیدار سندیپ کمار کو شام روانہ کیا تھا۔ 2011ء میں شام کا بحران شروع ہونے کے بعد ہندوستان کی جانب سے یہ پہلا سرکاری دورہ تھا۔ سندیپ کمار نے شام کے مختلف عہدیداروں اور قومی رابطہ کمیٹی برائے جمہوری تبدیلی(شام کی اپوزیشن) کے صدر حسن عبدالعظیم سے تفصیلی بات چیت کی تھی۔ کمار کے ابتدائی جائزہ سے کانفرنس سے متعلق ہندوستان کا طریقہ کار وضع کرنے میں مدد ملی۔

India in 'Geneva-II'; will stress on Syria solution

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں