معاشی انحطاط روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں حائل - آئی ایل او رپورٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-22

معاشی انحطاط روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں حائل - آئی ایل او رپورٹ

واشنگٹن
( رائٹر)
محنت کے بین الاقوامی ادارے ( آئی ایل او) کے مطابق عالمی معاشی انحطاط کے باعث دنیا بھر میں روزگار کی فراہمی کی صورتحال میں ابتری آئی ہے۔ اپنی رپورٹ میں ادارہ نے بتا یا کہ 2013ء میں تقریبا 20کروڑ کارکنوں کو بے روزگاری کا سامنا رہا۔ یہ اعداد و شمار گذشتہ برس کے مقابلے میں 50لاکھ سے زائد ہیں۔ جنیوا میں قائم اس گروپ کے مطابق روزگار میں اضافہ مشرقی ایشیا اور جنوبی ایشیا کے خطوں میں دیکھنے میں آیا جس کے بعد آفریقہ کے سب سہارا علاقہ اور یوروپ کا نمبر آتا ہے۔ ایسے میں جب بحالی سست روی کا شکار ہے، محنت کے بین الاقوامی ادارے نے کہا کہ مزید 2کروڑ 30لاکھ کارکن روزگار کی تلاش میں ناکام رہے جنھیں محنت کی منڈی کے شمار سے باہر رکھا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نوجوانوں کو روزگار حاصل کرنے میں خصوصی مشکل درپیش ہے جبکہ 2013ء میں 15سے24برس کی عمر کے 7کروڑ 40لاکھ سے زائد افراد سے روزگار چھینا گیا۔ نوجوانوں کے روزگار کی شرح 13فیصد سے زائد ہے جو عالمی سطح پر بے روزگاری کی مجموعی شرح 13فیصد سے زائد ہے جو عالمی سطح پر بے روزگاری کی مجموعی شرح سے دگنا زائد ہے۔ ادارہ کے ڈائرکٹر جنرل گائے رائیڈر نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ قائدین فوری توجہ دیتے ہوئے مناسب پالیسی وضع کریں۔ انھوں نے کہا کہ مضبوط کوششیں ضروری ہیں تاکہ صنعتکاری کو بڑھاوا دیا جاسکے جس سے روز گار کے زیادہ مواقع فراہم ہوسکتے ہیں۔ آئی ایل او نے پیشگوئی کی ہے کہ اگلے چند سالوں کے دوران بے روزگاری کی شرح میں گراوٹ آسکتی ہے اور اندازہ لگایا گیا ہے کہ 2018ء تک بے روزگاروں کی تعداد 21کروڑ 50لاکھ سے کچھ زیادہ ہوگی۔ ادارہ کے مطابق دنیا بھر میں کام کرنے والوں کے حالات میں قدرے بہتری آرہی ہے لیکن پچھلے دہائیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے گذشتہ سہ ماہی میں صورتحال مندی کا شکار رہی۔ رپورٹ میں بتا یا گیا ہے کہ 83کروڑ 90لاکھ کارکن جو دنیا بھر کے کارکنوں کی تعداد کا ایک چوتھائی سے زیادہ ہیں، یومیہ 2ڈالر یا اس سے بھی کم آمدنی پر زندگی بسر کررہے ہیں۔
International Labour Organisation report: World unemployment rose

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں