ہندوستان اور چین مسائل کو بامقصد انداز میں حل کریں گے - بیجنگ میں ہندوستانی سفیر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-27

ہندوستان اور چین مسائل کو بامقصد انداز میں حل کریں گے - بیجنگ میں ہندوستانی سفیر

بیجنگ /بنکاک
(پی ٹی آئی )
دنیا کے مختلف مقامات پر مقیم ہندوستانیوں نے 65ویں یوم جمہوریہ تقاریب بڑے جوش وخروش کے ساتھ منائی ۔ قومی ترنگا لہرایا گیا اور اس موقع بیجنگ میں قومی پر چم لہراتے ہوئے ہندوستانی سفیر اشوک کے کانتا نے کہا کہ ہندوستان اور چین پر عزم ایجنڈہ اپنائے ہوئے ہیں اور زیر التوا مسائل کو بامقصد انداز میں فوری طور پر حل کریں گے ۔ کانتا جنہوں نے اس ماہ کے دوران اپنے عہدہ کی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں بعد ازاں صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کی یوم جمہوریہ کی تقریر پڑھ کر سنائی اور ہندوستانیوں سے خطاب کیا ۔ اس موقع پر سینکڑوں ہندوستانیوں نے شرکت کی ۔ انہوں نے چین کے ساتھ قابل توجہ ہمہ رخی اشتراک کے فروغ کے اقدامات کا تذکرہ کیا ۔ ہندوستانی سفارخانہ کے شعبہ ثقافت نے کلچرل پروگرام پیش کیا جس میں متعدد چینی طلبہ نے بھی حصہ لیا ۔ جنوبی چین کے شہر گاؤنگ ژاؤ میں ہندوستانی قونصل جنرل کے ناگراج نائیڈو نے آج صبح اپنے گھر پر منعقد تقریب میں ترنگا لہرایا اور صدر جمہوریہ کا قووم کے نام خطاب کو پڑھ کر سنایا ۔ تقریب میں ہندستانی شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی ۔ قونصل خانے سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ تقریب میں طلبہ نے بھی حصہ لیا ۔ جنوبی مشرقی ایشیاء کے مختلف پر بھی سفارت کاروں کی جانب سے قومی پر چم لہرائے گئے اور صدر جمہوریہ کی تقریر کو پڑھ کر سنایا گیا ۔ اس موقع پر ہندستانی نژاد اور ہندوستان کے بہی خواہوں نے سفارت خانہ کے احاطہ میں منعقد تقارییب میں شرکت کی ۔ بنکاک میں ہندوستان کے نئے سفیر برائے تھائی لینڈ ہرش وردھن شرینگلا نے قومی پرچم لہرایا ۔ اسکولی طلبہ اور ہندوستانی خواتین کیے کلب کے ارکان نے جب الوطنی کے گیت گائے ۔ سفارت خانہ میں منعقد تقریب میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی ۔ ہندوستانیوں کی جانب سے حب الوطنی کا جذبہ دیکھنے میں آیا کیونکہ کئی افراد تھائی لینڈ میں مخالف حکومت احتجاج کے باعث اہم شاہراہوں کی ناکہ بندی کے باوجود متبادل راستوں کے ذریعہ سفارت خانہ پہنچے ۔ سنگاپور میں ہائی کمشنر وجئے ٹھاکرے سنگھ نے شرکت کی ۔ اس موقع پر قومی پرچم لہرایا گیا ور قومی ترانہ کے ساتھ ساتھ حب الوطنی کے گیت گائے گئے ۔۔ سنگھ نے صدر جمہوریہ کے خطاب کو پڑھ کر سنایا ۔ ہائی کمشنر نے اس موقع پر مہمانوں کے لیے استقبالیہ ترتیب دیا ۔ اسلام آباد میں بھی یوم جمہوریہ تقاریب کے موقع پر ہائی کمشنر پی سی اے راگھون نے قومی ترنگا لہرایا بعد ازاں ثقافتی پروگرام منعقد ہوا جس کے بعد راگھون نے یوم جمہوریہ کے موقع پر صدر پرنب مکرجی کے قوم سے کئے گئے خطاب کے متن کو پڑھ کر سنایا ۔ہندوستانی ہائی کممشنر کی جانب سے کل شام استقبالیہ ترتیب دیا جائے گا جس میں توقع ہے کہ پاکستانی شہریوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی ۔ اسرائیل کے شہر ہر زیلیا میں بھی یوم جمہوریہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا ۔ ہندوستانی سفیر جئے دیپ سرکار نے قومی پر چم لہرایا اور صدر جمہوریہ کی تقریر کے متن کو پڑھ کر سنایا جس کے بعد کلچرل پروگرام منعقد ہوئے ۔۔ اس موقع پر سفیر ہند نے اعلان کیا کہ اسرائیل میں ہندوستانی نژاد یہودیوں کا دوسرا قومی کنونشن اس سال نیواٹن میں منعقد ہوگا ۔
India-China to pursue ambitious agenda to firm up ties: Indian Ambassador

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں