دہشت گردی کی سیاست سے حکومتیں عوام کے حقوق چھین رہی ہیں - اے سعید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-13

دہشت گردی کی سیاست سے حکومتیں عوام کے حقوق چھین رہی ہیں - اے سعید

مغربی بنگال ، مرشد آباد کے یم این اکاڈمی گراؤنڈ میں سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا مغربی بنگال شاخہ کی جانب سے دہشت گردی کی سیاست ختم کرو کے عنوان سے منعقد کئے گئے عوامی کانفرنس میں تقریبا دس ہزار سے زائد پارٹی کارکنان اور عوام موجود رہے۔ ہندوستان کے لاکھوں عوام جانتے ہیں کہ ایس ڈی پی آئی نے پچھلے دو ماہ سے اس موضوع پر ملک گیر سطح پر عوام میں حکمران طبقہ اور سیاسی پارٹیوں کی جانب سے کی جانے والی دہشت گردی کی سیاست کا عوامی اجلاس، اسٹریٹ میٹس، پمفلٹس کی تقسیم کے ذریعے پردہ فاش کیا ہے۔ ایس ڈی پی آئی نے سابق بیور وکریٹ آر وی ایس منی کے اس چونکا دینے والے انکشافات کو لاکھوں عوام تک پہنچا یا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ملک میں تمام دہشت گردانہ حملوں میں حکومتیں اور سرکاری ایجنسیاں ملوث رہی ہیں۔ مرشد آباد میں منعقد کئے گئے کانفرنس میں ایس ڈی پی آئی کے قومی صدر اے سعید ، قومی جنرل سکریٹری افسر پاشاہ، اور ایس ڈی پی آئی کے ریاستی صدر تائیدالا سلام ، جنرل سکریٹری امتیاز ملا، ریاستی کمیٹی کی رکن محترمہ امینہ خاتون،کے علاوہ دلت مسلم اسوسی ایشن کے کے صدر سواپن کمار، پا پو لر فرنٹ آف انڈیا کے ریاستی صدر عبید اللہ نوری نے کے علاوہ دلت مسلم فرنڈشیپ اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری اور معروف شخصیت پروفیسر افسر علی کے علاوہ مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطا ب کرتے ہوئے ایس ڈی پی آئی کے قومی صدر اے سعید کہا کہ دہشت گردی کی سیاست سے ہمارے ملک کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو شدید خطرہ درپیش ہے۔ مرکزی اور ریاستی حکومتیں عوام کو دہشت گردی کی سیاست کا نشانہ بنا کر ان کے جینے کے حق سے محروم کر رہی ہے، اور ان کو دہشت گردی میں ملوث کرکے ان کے حقوق چھین رہی ہے، تاکہ POTAاور UAPAجیسے کالے قوانین کو مضبوط کرکے ان کو معصوم شہریوں پر نافذ کرسکیں۔ جبکہ یہ راز اب راز نہیں رہا ہے کہ ملک میں ہوئے تمام بم دھماکوں میں ہندوتوا دہشت گردوں کا ہاتھ ہے، جن بم دھماکوں میں سینکڑوں معصوم شہریوں کی جان چلی گئی ہے، لیکن پھر بھی میڈیا مافیااور متعصب پولیس اب بھی بے بنیاد اور من گھڑت کہانیاں بنا کر معصوم مسلم نوجوانوں کو گرفتار کرکے ان پر جھوٹے مقدمات درج کرکے ان کو جیلوں میں ٹھونس رہی ہے۔ یہ بات عیاں ہے اور ایسے کئی معاملات اور مثالیں ہمارے سامنے موجود ہیں ، جس میں دہشت گردی کے الزام میں گرفتا ر کئے گئے مسلم نوجوانوں کو طویل عرصہ کے مقدمہ اور سماعت کے بعد گرفتار شدہ مسلم نوجوانوں کو معصوم کہہ کر عدالت نے رہا کیا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریاستی صدر تائید الا سلام نے کہا کہ مغربی بنگال میں بھی کئی اضلاع سے معصوم مسلم نوجوانوں کو دہشت گردی کے جھوٹے مقدمات میں گرفتار کرنے کی خبریں آرہی ہیں۔ جبکہ حقیقت میں یہ تمام دہشت گردانہ سرگرمیاں ہندتوا طاقتیں انجام دیتی آرہی ہیں اور الزام مسلمانوں کے سر تھونپا جاتا ہے، اور حکومتیں باقاعدہ مسلم نوجوانوں کی گرفتاریوں میں مصروف ہوجاتی ہیں۔جس سے ہندو توا وادی کے اس فاشسٹ ایجنڈے کو تقویت مل رہی ہے ، وہ یہ چاہتے ہیں کہ فرقہ واریت کے نام پر خون خرابہ کیا جائے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی میں خلل پیدا کرکے ووٹ بینک کی سیاست کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ڈی پی آئی کا ہر ایک کارکن اس دہشت گردی کی سیاست کے تعلق سے گھر گھر جاکر عوام کو بیدار کرے گا، تاکہ عوام میں جو خوف کا ماحول ہے اس کو دور کیا جاسکے۔ کیونکہ ایس ڈی پی آئی کا نعرہ ہی بھو ک سے آزادی اور خوف سے آزادی ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے دلت مسلم اسوسی ایشن کے صدر سواپن کمار نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اس ملک کے مسلمان اور دلت طبقہ کو مزید متحد ہونے ہوکر ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے۔ ریاستی کمیٹی کی رکن محترمہ امینہ خاتون نے کہا کہ ملک میں خواتین کے خلاف بھی تشدد میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے لیے ایس ڈی پی آئی کی خواتین ونگ میدان میں اتر چکی ہے،تاکہ مظلوم خواتین کو انصاف دلایا جاسکے اور ان کو اس ملک تمام شعبوں میں با اختیار بنا یا جاسکے۔ لال گولا میں منعقد اس عظیم الشان کانفرنس میں پارٹی کارکنا ن کے علاوہ عوام کثیر تعداد میں موجود رہے۔

The governments by exercising politics of terrorism are snatching away the rights of the people - A Sayeed

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں