عام آدمی پارٹی ہندو مسلم نہیں انسانیت کی بات کرتی ہے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-15

عام آدمی پارٹی ہندو مسلم نہیں انسانیت کی بات کرتی ہے

aam-admi-party
عام آدمی پارٹی کے نیشنل ایگزیکٹیو کے ممبر اور بہار امور کے انچارج اجیت جھانے ہمہ جہت ترقی کیلئے ملک کی اس روایت کو آگے بڑھانے پر زور دیا جس کی پیداوار گاندھی جی، مولانا آزاد، مولانا مظہر الحق تھے، جو کسی ذات، مذہب یا علاقہ کے لیڈر نہیں تے بلکہ وہ ملک کے لیڈر تھے۔ یہ بات انہوں نے اہم مسلم شخصیات کے ساتھ ایک میٹنگ میں کہی۔ انہوں نے کہاکہ عام آدمی پارٹی کو ایسے کارکن اور لیڈر کی ضرورت ہے جو کسی ذات، مذہب یا علاقہ کا لیڈر نہ ہو بلکہ وہ پورے سماج کا لیڈر ہواور سماج کے ہر طبقے کے ساتھ چلنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ انہوں نے کہاکہ عام آدمی پارٹی نے کسی خاص طبقے کے مسائل پر توجہ مرکوز کرنے سے گریز کیا ہے۔ انہوں نے ’آپ، میں مسلمانوں کی شرکت کی اپیل کے ساتھ کہا کہ ہم کسی شناخت کے ساتھ نہیں چلنا چاہتے اور نہ ہی ہم ہندو یا مسلمان کی بات کرتے ہیں بلکہ انسانیت اور تمام لوگوں کی بات کرتے ہیں اور جب عام لوگوں کے مسائل حل ہوں گے تو مسلمانوں کے مسائل بھی خودبخود حل ہوجائیں گے۔ برابڑی سے ’آپ، کے ممبر اسمبلی سنجیو جھا نے اس موقع پر کہاکہ ہمیں یہ احساس 2011 میں ہوگیا تھا کہ دیڑھ سال تو کیا 150سال میں بھی اگر جدوجہد کرتے رہے تو سسٹم کو نہیں بدل سکتے۔ اگر اسے بدلنا ہے تو سسٹم کے اندر گھسنا ہوگا۔ یہی نظریہ ہمیں سیاست میںآنے پر مجبور کیا۔ سنجیو جھا نے کہاکہ عام آدمی کی سیاست کرکے ہم نے اس سیاسی روایت کو توڑنے کی کوشش کی ہے جس میں پارٹی فرقہ پرستی، بھگوا کرن( زعفرانی سیاست)، سماج کو توڑنے، ذات پات اور مذہب کے سہارے انتخاب لڑتی تھی۔ انہوں نے میٹنگ میں موجود مسلمانوں سے سوال کیا کہ کہ آپ کو اب تک آزادی کے بعد انتخابات سے کیا فائدہ ملا ہے۔ علی گڑھ مسلم یونیوسٹی الومنائی گلف چےئر کے صدر اور دبئی کے معروف صنعت کار سید قطب الرحمن نے کہاکہ عام آدمی پارٹی نے ان فلسفوں کو آگے بڑھایا ہے جس کا تعلق سماج کے ہر طبقے سے ہے۔ سیاست اور حکومت میں سادگی اپناکر نہ صرف ہندوستان کیلئے بلکہ پوری دنیا کے ایک رول ماڈل پیش کیا ہے جسے اپنا کر کوئی بھی سیاست اور حکومت میں کامیابی کی منزل طے کرسکتا ہے۔ اے ایم یو طلباء یونین کے سابق صدر مسٹررحمن نے کہاکہ مسلمان’ آپ، کے ساتھ منسلک ہونا چاہتے ہیں۔ عام آدمی پارٹی کا طریقہ حقیقی مسلم حکمرانوں کی تصویر ہے جسے مسلمانوں نے فراموش کردیا۔ انہوں نے آپ میں مسلمانوں کو اہمیت دئیے جانے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ مسلمانوں کو اگر اس میں اہمیت دی جائے گی تو نہ صرف پورے ملک میں بلکہ دنیا میں بھی اچھا پیغام جائے گا، جو عام آدمی پارٹی کے وقار میں اضافے کا سبب بنے گا۔ ہیومن چین کے چےئر مین اور اس میٹنگ کے کنوینر انجینئر محمد اسلم علیگ نے پرزنٹیشن کے ذریعہ مسلمانوں کی حالت، ضرورت اور اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ عام آدمی پارٹی کو مسلمانوں کے مسائل سے آگاہ کرایا جانا ضروری ہے تاکہ وہ 2014ء کے ایجنڈے میں ان چیزوں کو شامل کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ بہار کے سیمانچل کا علاقہ ایک پسماندہ خطہ ہے اور خاص طورپر کشن گنج کا علاقہ ترقی کی سب سے نچلی سیڑھی ہے۔ اسلامی اسکالر ڈاکٹر عبدالخالق ندوی نے اس موقع پر عام آدمی پارٹی کے تئیں اپنی پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ اب سماج کے ان طبقوں کی بات کی جائے جنہیں آزادی کے بعد مسلسل نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔ میٹنگ کے شرکاء میں دبئی کے جمیل اختر، عام آدمی پارٹی کے سینئر رکن فرحت اسماعیلی، انجم، شبیر عالم، منت رحمانی، مجاہد اخترناز اور دیگر غیر مقیم ہندوستانی اور سرکردہ مسلم شخصیات شامل تھیں۔ میٹنگ کا مقصد عام آدمی پارٹی میں مسلمانوں کی شرکت اور اس میں اس کی اہمیت اور ایجنڈا پر زور دینا تھا۔
--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں