جنسی استحصال - ویٹیکن کا اقوام متحدہ کو معلومات فراہم کرنے سے انکار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-06

جنسی استحصال - ویٹیکن کا اقوام متحدہ کو معلومات فراہم کرنے سے انکار

وٹیکن سٹی
(رائٹر )
وٹییکن نے اقوام متحدہ کو پادریوں ، راہباؤں اور بھکشوؤں کے ہاتھوں بچوں کے مبینہ جنسی استحصال کے بارے میں معلومات فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے ۔ وٹییکن نے کہا کہ ان معاملات کی تحقیقات ان ممالک کے نظام قانون کی ذمہ داری ہے جہاں یہ پیش آئے تھے ۔ برطانیہ کی قومی سیکیولرسوسائٹی نے وٹییکن پر قوانین کی آڑ میں چھپنے کا الزام عائد کیا ہے۔ رواں برس مارچ میں اپنے انتخاب کے بعد پوپ فرانسس نے کہا تھا کہ جنسی استحصال کے معاملہ سے نمٹنا کلیسا کی ساکھ کیلئے کلیدی ہے۔ اقوام متحدہ کی کمیٹی برائے حقوق اطفال نے رواں برس جولائی میں رومن کیتھولک عیسائیوں کے مرکز وٹیکن کے سفارتی ادارہ ہولی سی کو ایک سوالنامہ ارسال کیا تھا جس میں 1995سے اب تک وٹیکن کے علم میں لائے جانے والے جنسی استحصال کے واقعات کی تفصیلات طلب کی گئی تھیں۔ اس سوالنامہ میں شامل سوالات میں پوچھا گیا تھا کہ آیا جنسی استحصال کے ملزم پادریوں، راہباؤں اور بھکشوؤں کو بچوں سے ربط میں رہنے کی اجازت دی گئی اور یہ کہ ان افراد کے خلاف کیا قانونی کاروائی کی گئی ۔ اپنے جواب میں ہولی سی نے اصرار کیا کہ وہ رومن کیتھولک چرچ سے الگ اور مختلف ہیں اور وہ مذہبی پیشواؤں اور رہمناؤں کے بارے میں صرف اسی صورت میں معلومات فراہم کرتے ہیں جب یہ ان ممالک کے حکام کی جانب سے طلب کی گئی ہوں جہاں وہ کام کر رہے ہیں۔ ادارہ نے یہ بھی کہا کہ اب پادریوں کے انتخاب کا طریقہ کار تبدیل کیا جا چکا ہے اور انھیں ضابطہ اخلاق کا پابند بنانے کیلئے کلیسا کے قانون پر بھی نظر ثانی کی گئی ہے۔ برطانوی قومی سیکولر سوسائٹی نے اس جواب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں گرجا گھروں پر ہولی سی کا منظم کنٹرول ہے۔ خیال رہے کہ بچوں کے جنسی استحصال سمیت دیگر معاملات پر وٹیکن کے حکام جنوری میں اقوام متحدہ کی کمیٹی برائے حقوق اطفال کے سامنے پیش ہوں گے۔ اس سے قبل فرانس کے پیشرو پوپ بینیڈکٹ شانزد ہم نے کلیسا کو پادریوں کے ہاتھوں بچوں کے جنسی استحصال کی گندگی سے پاک کرنے کا عہد کیا تھا۔
Vatican rebuffs United Nations sex abuse inquiries

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں