اتر پردیش کی ترقی کیلئے اسٹیٹ ہائی ڈیولپمنٹ پلان تیار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-17

اتر پردیش کی ترقی کیلئے اسٹیٹ ہائی ڈیولپمنٹ پلان تیار

وزیر اعلی اکھلیش یادو نے چار محکموں کے ترقیاتی ایجنڈے اور پیش رفت سے متعلق پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ حکومت اترپردیش سبھی شعبوں میں ریاست کی ترقی کو سامنے رکھ کر سنجیدگی سے کام کر رہی ہے اور سبھی محکموں کے ایجنڈے کی پیش رفت کی مانیٹرنگ کی جاری ہے جو حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ مالی سال شروع ہونے سے قبل ہرمحکمہ کا نکات وار ایجنڈاطے کیا گیا ہے ۔ پریس کانفرنس کے دوران وزیراعلی نے کہا کہ ذرائع ابلاغ سے گفتگو کے دوران محکموں کی کمیاں سامنے آتی ہیں ،کچھ محکموں میں اصلاح کی فوری ضرورت ہے ۔ ریاستی حکومت نے تقریبا دو لاکھ کلو میٹر دیہی سڑکوں کے مرمت کے لیے دیہی رابطہ سڑک مرمت پالیسی تیار کی ہے ۔ اس کے علاوہ ۵۰۰/سے زیادہ آبادی والی ۶۲۰۰بستیوں کو ڈامر رواد سے جوڑا جائے گا ۔ ایک سال کے اندر ۲۱۱ /نئے پلوں کی منظوری ہوئی ہے اور ۱۵۱/ادھورے پل پورے کئے گئے ہیں ۔ حکومت نے ترقیاتی ایجنڈے کے تحت اسٹیٹ ہائی ڈیولپمنٹ پلان بھی تیار کیا ہے ۔اکھلیش یادو نے کہا کہ موجودہ ریاستی حکومت نے طبی تعلیم کے شعبے میں کافی کام کیا ہے ۔ نئے میڈیکل کا لج اور اسپتال شروع کیے گئے ہیں ۔ آئندہ ۲۱ /دسمبر کوضلع بدایوں میں نئے میڈیکل کالج کاسنگ بنیاد رکھا جائے گا ۔ پھرجونپور میں نئے میڈیکل کالج کاسنگ بنیاد ہوگا ۔ انھوں نے کہاکہ سابقہ حکومت نے میڈیکل کالجوں کی تعمیر کاکام روک دیا تھا ، ڈیڑھ سال کی مدت میں ہم نے ایم بی بی ایس کی ۵۰۰نشستوں کا اضافہ کیا ۔ گریٹر نوئیڈا میں میڈیکل یونیورسٹی قائم کی ، نوئیڈامیں بچوں کے لئے سپراسپیشلٹی میڈیکل انسٹی ٹیوٹ بنانے کا فیصلہ ہوا ہے ۔ کینسرانسٹی ٹیوٹ کا سنگ بنیاد رکھا گیا ، قنوج ، اعظم گڑھ ، جالون میں میڈیکل کالج شروع ہوئے ہیں ،سہارا نپور اور باندہ میں آئندہ سال شروع ہوں گے ۔ جناب یادہ بتایا کہ بجلی نظام میں وسیع اصلاحات کے لیے کام کیے جارہے ہیں ۔ لائن خسارے کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ تحصیل سطح پر فیڈرتبدیلی کاکام بھی جاری ہے ۔ پورانچل میں دوماہ کے دوران ۱۱۶۴۰/خراب ٹرانفار مرتبدیل کیے گئے ۔ اسی کے ساتھ ساتھ ریاست میں اچھی سڑکوں اور پلوں کا جال بچھایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اکیلے لکھنؤ شہر میں جتنے فلائی اؤور تعمیر کئے گئے یاکیے جارہے ہیں ،اتنے کبھی نہیں بٹے ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ بی ایس پی حکومت نے سماج وادی پارٹی کی سرکار کے وقت تعمیر کئے جارہے کئی پلوں کاکام روک دیا یا ان کے لیے بجٹ کا انتظام ہی نہیں کیا ۔ نیتجتا ان پلوں کی تعمیر ی لاگت میں اضافہ ہوگیا ۔ اس کے باوجود موجود ریاستی حکومت نے انہیں مکمل کرانے کاکام کیا ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ ایک پل سیاست شروع ہوگئی ہے ، اسے بننے نہیں دیا جارہاہے ، لیکن حکومت اسے پورا کرکے دم لے گی ۔ انہوں نے کہا کہ لکھنؤ شہر کالو ہیاپتھ ایک پیمانہ ہے ۔ کوشش کی جائے گی کہ ایسی ہی سڑکیں دیگر شہروں میں بھی بنائی جائیں ۔ پرانے لکنؤ میں بھی ترقیاتی کام تیزی سے کرائے جارہے ہیں ۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ جو افسران اور محکمے کام نہیں کریں گے ان کے خلاف کارروائی ہوگئی ۔ ضلع کشی نگر میں واقع میترے پروجیکٹ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کئی برسوں سے یہ پروجیکٹ رکا ہوا تھا ، ریاستی حکومت نے کسانوں سے تقریبا ۲۰۰/ایکٹر زمین حاصل کرکے پروجیکٹ کے منتظمین کو مہیا کرائی ۔ کسانوں کے مفادات کے پیش نظر آگرہ لکھنؤ ایکسپریس وے کے لیے ریاستی حکومت نے نجی سرمایہ کاروں کو کوئی رعایت نہیں دی ۔ اس موقع پر وز یر شیو پال سنگھ یادو نے کہا کہ ریاستی حکومت نے ۹لاکھ ہیکیٹر اضافی آبپاشی کا بندوبست کر ایا ہے ۔ نہروں میں دوبار سلٹ کی صفائی یقینی بنائی گئی ہے اور کئی برسوں سے زیر التوا سر جواور بان ساگر پروجیکٹوں کو موجودہ ریاستی حکومت نے مکمل کرایا ہے ۔ چیف سکیریٹری جاوید عثمانی نے ترقیاتی ایجنڈے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی ریاستی حکومت ہے جس نے مالیاتی سال شروع ہونے سے قبل ہی مالیاتی سال میں کئے جارہے اہم کاموں کا ایجنڈا متعلقہ محکموں کو واقف کرادیا تھا اور اس کا جائزہ بھی لیا جارہا ہے ۔ اس موقع پر محکمہ تعمیرات عامہ کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر رجنیش دوبے ،محکمہ توانائی کے پرنسپل سکریٹری سنجے اگروال ، محکمہ صنعتی ترقیات نیزانفراسٹر کچر کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر ایس پی سنگھ اور محکمہ طبی تعلیم کے پرنسپل سکریٹری جے پی شرما نے اپنے اپنے محکمے کے ذریعہ اب تک کئے گئے اہم فیصلوں ، کاموں اور آئندہ برس میں کئے جانے والے کاموں کی تفصیلی معلومات فراہم کرائیں ۔

State High Development plan for UttarPradesh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں