سماج وادی پارٹی راجیہ سبھا میں لوک پال بل کی مخالفت کرنے پر اٹل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-17

سماج وادی پارٹی راجیہ سبھا میں لوک پال بل کی مخالفت کرنے پر اٹل

سماج وادی پارٹی(ایس پی) نے آج اس اطلاع کو "من گھڑت"قرار دیا کہ وہ (ایس پی ) لوک پال بل پر اپنے موقف میں کوئی نرمی لائے گی ۔ ایس پی لیڈر رام گوپال یادو نے پارلیمنٹ کے باہر کہا کہ ان کی پارٹی ، راجیہ سبھا میں کل جب لوک پال بل پیش کیا جائے گا ، اس بل کی مخالفت کرے گی ۔"ہماری پارٹی ،راجیہ سبھا میں اس بل کی مخالفت جاری رکھے گی ۔ ہمارے موقف میں تبدیلی نہیں آئی ہے "۔انہوں نے کہا کہ وزیر پارلیمانی امور کمل ناتھ کے ساتھ صدر ایس پی ملائم سنگھ یادو کی جانب سے دئیے گئے مبینہ تیقن کویادو نے "کلیتا من گھڑت "قرار دیا اور کہا کہ "ملائم سنگھ نے ہر گز یہ نہیں کہا کہ سماج وادی پارٹی ،لوک پال بل کی تائید کرے گی ۔ ایسی اطلاع بالکل غلط ہے"۔اس سوال پر کہ آیا ایس پی ، مسئلہ پر ایوان کی کارروائی میں خلل ڈالتی رہے گی اور یہ بل منظور ہونے نہیں دے گی ؟ انہوں نے جواب دیا "میں صرف اتنا کہہ سکتا ہوں کہ ایس پی ، اس بل کی مخالفت کرے گی اور اس کی تائید نہیں کرے گی "یادو نے مزید کہا کہ "ہمارے موقف میں تبدیلی سے متعلق اطلاع محض افواہ ہے ۔ آپ (اخبارنویس)کل دیکھ ہی لیں گے "۔ایس پی نے صدر نشین راجیہ سبھا کو ایساکوئی تیقن نہیں دیا ہے کہ وہ ( ایس پی ) ،کل ایوان میں بل کی پیشکشی کے وقت خلل اندازی نہیں کرے گی ۔ سمجھاجاتا ہے کہ صدر ایس پی نے لوک پال بل سے متعلق اپنے تحفظات ذہی سے حکومت کو واقف کرادیا ہے اور یہ بھی کہا کہ مجوزہ قانون سازی (اپنی موجودہ شکل میں ) لوک پال کو غیر معمولی اختیارات دے دے گی اور عوامی خدمتگاروں کو اپنے فرائض انجام دینا مشکل ہوجائے گا ۔ ملائم سنگھ کا یہ بھی خیال ہے کہ رشوت ستانی کے انسداد کے لئے موجودہ قوانین کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے ۔ آیہ اے این ایس کے بموجب راجیہ سبھا میں لوک پال بل پر سماج وادی پارٹی (ایس پی ) کی تائید حاصل کرنے سے متعلق حکومت کی کوششوں میں کوئی زیادہ پیشترفت ہوتی نظر نہیں آتی ۔ بل پرتائید کے حصول کے لئے آج جو کل جماعتی اجلاس منعقد کیا گیا تھا ، ایس پی اس سے دور رہی ۔ اجلاس کے بعد اخبار نویسوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر پارلیمانی امور کمل ناتھ نے کہا کہ تمام جماعتوں نے 17دسمبر کو راجیہ سبھا میں لوک پال بل کی منظوری پر تبادلہ خیال کیا ۔" سماج پارٹی کے سوا تمام جماعتوں نے خواہش ظاہر کی کہ اس بل کو منظورکیا جانا چاہئے ۔ ہم ،ایس پی کو یہ ترغیب دیتے رہیں گے وہ ایوان (کی کارروائی )میں رکاوٹ نہ ڈالے ۔ہم اس بل کو منطوری کریں گے "۔یہاں یہ تذکرہ بے جانہ ہوگا کہ آج کا کل جماعتی اجلاس ، صدر نشین راجیہ سبھا ڈاکٹر محمد حامد انصاری نے بلایا تھا ۔ بی ایس پی نے بھی اس اجلا س میں شرکت نہیں کیااگرچہ اس پارٹی نے بل کی مخالفت بھی نہیں کی ہے ۔ صدر بی ایس پی مایاوتی نے گذشتہ جمعہ کو کہا تھا کہ ان کی پارٹی، لوک پال بل کی تائید کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت ، پارلیمنٹ کے جاریہ اجلاس ہی میں اس بل کی منظور ی کو یقینی بنائے ۔کمل ناتھ نے سماج وادی پارٹی پر زور دیا ہے کہ وہ 17دسمبر کو ایوان کی کارروائی میں خلل نہ ڈالے ۔ انہوں نے بتایا کہ پارلیمنٹ کی اسٹانڈنگ کمیٹی کی جن دوسفارشات کو مرممہ لوک پال اور لوک ایوکتاس بل میں شامل نہیں کیا گیا ہے ان پر بھی توجہ دی جائے گی "۔مرکزی وزیر نے کہا کہ کل ایوان میں مارشلوں کو طلب نہیں کیا جائے گا ۔ دریں اثنا ایس پی لیڈر رام گوپال یادو نے کہا کہ ان کی پارٹی ، لوک پال بل کی خلاف تحفظات ذہنی رکھتی ہے اور مہنگائی کے مسئلہ پر پارلیمنٹ میں بحث کی خواہاں ہے ۔"ہماری دانست میں اگر ایسا بل (لوک پال بل )نافذالعمل ہوجائے تو سارے ملک میں کوئی عہدیدار،کوئی وزیر ،فیصلوں کے امثلہ پردستخط نہیں کرے گا اور ملک میں فیصلہ سازی کا عمل ٹھپ ہوکر رہ جائے گا ".۔یہاں یہ تذکرہ بے جانہ ہوگا گذشتہ جمعہ کو راجیہ سبھا میں یہ بل پیش کیا گیا تھا تب سماج وادی پارٹی کی گڑبڑکے سبب اس پر بحث نہیں ہوسکتی تھی ۔ مرکزی وزیرسیسرام اولا کے انتقال پر اظہار تعزیت اور اظہار سوگ کے بعد اجلاس آج ملتوی کردیا گیا ۔ اس لئے بل پر آج بھی بحث نہیں ہوسکی۔ سیسراماولاکا انتقال کل ہوا تھا ۔

Samajwadi Party firm on opposition to Lokpal Bill

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں