اننت پور - بنگلور ناندیڑ ایکسپریس ٹرین میں آتشزدگی حادثہ - 28 افراد ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-29

اننت پور - بنگلور ناندیڑ ایکسپریس ٹرین میں آتشزدگی حادثہ - 28 افراد ہلاک

Fire-in-Bangalore-Nanded-train-in-AP
آندھراپردیش کے ضلع اننت پور میں بنگلور۔ ناندیڑ ٹرین کے اے سی کوچ کو آگ لگنے کے المناک حادثہ میں کم ازکم 26مسافرین جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ جو لوگ موت کے منہ سے بچ گئے، ان کے ذۃنوں پر خوفناک سفر کے بھیانک نقوش چھائے ہوئے ہیں۔ اے سی کوچ میں 65مسافرین سفر کررہے تھے۔ ساوٹھ ویسٹرن ریلوے کے بنگلور ڈویژن کے تحت سری ستیہ سائی پرشانتی نیلائم اور بسم پلی اسٹیشنوں کے درمیان ضلع اننت پور کے ایک غیر معروف موضع کتہ چیرو میں اس بوگی میں صبح 3:35 بجے بھیانک آگ لگ گئی۔ 39مسافرین خوشی قسمی سے کسی طرح اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوگئے لیکن بوگی میں ان کے چاہنے والے جھلس گئے۔ آندھراپردیش کے وزیر زراعت این رگھویرا ریڈی نے جن کا تعلق ضلع اننت پور سے ہے بتایا کہ بنگلور کے ساکن چرن نے 20مسافرین کو بچایا لیکن بدقسمتی سے اس کی بیوی اور خسر کو نہیں بچاسکا۔ تمام 26 جھلسی ہوئی نعشیں ڈی این اے ٹسٹ کیلئے بنگلور کے وکٹوریہ ہاسپٹل منتقل کی گئیں جہاں ٹسٹ کے بعد رشتہ داروں کے حوالے کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایاکہ جھلسی ہوئی نعشیں 4 ایمبولینس کے ذریعے اسپتال لائی گئیں چونکہ زندہ جھلس جانے والوں کی نعشیں ناقابل شناخت ہوگئیں اس لئے ان کا ڈی این اے ٹسٹ ضروری ہوگیا۔ اسپتال کے ذرائع کے مطابق ڈی این اے رپورٹ میں کم ازکم ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔ ڈاکٹرس نے مہلوکین کے رشتہ داروں کے خون کے نمونے جمع کرنا شروع کردئیے ہیں۔ جھلس جانے والے 26افراد کے منجملہ 5افراد کا تعلق حیدرآباد۔کرناٹک علاقہ سے ہے۔ ریلوے کے ذرائع نے بتایاکہ تاحال 13نعشوں کی شناخت ہوچکی ہے جن میں 3یادگیر، 2گلبرگہ کے سیڑم تعلقہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ لنگا ساگور کے رکن اسمبلی منپا وجل نے بتایاکہ رائچور میں رہنے والے ان کے رشتہ دار بھیما اور دیگر افراد اس حادثہ میں ہلاک ہوگئے۔ ضلع یادگیر کے 4افراد مہلوکین میں شامل ہونے کا اندیشہ ہے۔ ضلع بیدر سے اگرچہ کسی مسافر کے لاپتہ ہونے کی شکایت موصول نہیں ہوئی لیکن ریلوئے ذرائع نے بتایاکہ ہمنا آباد سے 3ارکان خاندان ہیلپ لائن پر مسلسل کال کرے ہوئے شناخت شدہ نعشوں کی تفصیلات مانگ رہے ہیں۔ گلبرگہ میں 4 خاندانوں نے اپنے عزیزوں کے بارے میں اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے شکایت درج کروائی ہے۔ ریلوے کے ذرائع نے بتایاکہ گلبرگہ کے پریشان خاندان کا کہناہے کہ ان کے رشتہ دار غالباً اسی ٹرین میں سفر کررہے تھے۔ چیف منسٹر آندھراپردیش این کرن کمار ریڈی نے المناک حادثہ پر گہرے دکھ اور صدمہ کا اظہار کیا اور کلکٹر اننت پور، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور آتش فرو و ایمرجنسی محکمہ جات کے عہدیداروں کو فی الفور جائے حادثہ پر پہونچ جانے اورامدادی کاموں میں ریلوے حکام سے تعاون کرنے کی ہدایت دی۔ دفٹر چیف منسٹر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ کرن کمارریڈی نے مہلوکین کے افراد خاندان سے دلی ہمدردی کااظہار کیا۔ چیف منسٹر، وزیر مال این رگھویرا ریڈی سے مسلسل ربط میں ہیں او واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فوری مقام حادثہ پر پہنچ گئے۔ چیف منسٹر نے وزیر ریلوے ملیکارجن کھرگے سے فون پر بات چیت کی اور حادثہ پر سخت صدمہ کااظہار کیا۔ جنوب مغربی ریلوے کے ترجمان سی ایس گپتا نے بتایاکہ اس حادثہ میں 23افراد ہلاک ہوگئے جن میں 2بچے شامل ہیں۔ حادثہ میں زخمی ہونے والوں کو قریبی پٹا پتری اسپتال میں شریک کردیا گیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ ریلوے ترجمان سی ایس گپتا نے بتایا کہ حادثہ ہفتہ کی صبح 3:30 بجے پیش آیا۔ ریلوے ترجمان کے مطابق حکام کو حادثہ کے بارے میں پہلی اطلاع صبح 3:45 منٹ پر ملی۔ حکام کے مطابق آگ نجن سے 4بوگی پیچھے موجود اےئر کنڈیشنڈB-1 کوچ میں لگی اور بہت تیزی سے پھیل گئی۔ اس ڈبے کے کوچ اٹنڈینٹ نے آگ بجھانے والے آلہ سے آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن وہ اس میں ناکام رہے۔ رواں سال ٹرین میں آتشزدگی کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں۔ جغرافیائی اعتبار سے یہ حادثہ ریاست آندھراپردیش میں ہوا لیکن ریلوئے ڈویژن کے مطابق یہ علاقہ ریاست کرناٹک کے بنگلور ڈویژن میں آتا ہے۔ آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی ٹرین کو فوری طورپر روک دیا گیا۔ ریلوے ترجمان نے بتایا کہ نعشوں کو بری طرح جھلسی ہوئی حالت میں نکالا گیاہے۔ انہوں نے بتایاکہ آگ لگنے کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چلا تاہم حکام کے مطابق حادثہ کی وجہہ سے ریلوے ٹریفک پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔ اننت پورکے ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر سی راما سباراؤ نے بتایاکہ نعشوں کا پوسٹ مارٹم کیا جارہا ہے اور ہڈی کا نمونہ محفوظ کرلیا گیاہے تاکہ بعد میں ڈی این اے ٹسٹ کرتے ہوئے نعشوں کی شناخت کی جاسکے۔ انہوں نے بتایاکہ ڈی این اے ٹسٹ کی رپورٹ ملنے 3تا4دن لگ سکتے ہیں۔

Nanded express catches fire in Andhra Pradesh, many feared dead

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں