AAP to lead the country to fundamental change: Prashant Bhushan
دہلی میں عام آدمی پارٹی حکومت کی تشکیل کو تاریخی واقعہ قرار دیتے ہوئے اے اے پی قائد پر شانت بھوشن نے آج کہا کہ پارٹی کا مشن ملک میں مکمل تبدیلی لانا ہے تاکہ عام آدمی کے جمہوری اور قانونی حقوق کو یقینی بنایا جاسکے ۔ انھوں نے یہاں کیرالا کلب کی جانب سے قائم کردہ ایک ایوارڈ وصول کرنے کے بعد کہا کہ آج کا دن تاریخی دن ہے ۔ ہم نے ایک نیا سفر شروع کیا ہے اور ملک میں بنیادی تبدیلی لانا ہمارا مشن ہے ۔ یہ بتاتے ہوئے کہا کہ ملک میں اقتدار کے مراکز بشمول عدالتی نظام عوام کی اکثریت کو بامعنی شراکت داری اور حقوق کی ضمانت نہیں دیتے ۔ اب وقت آگیا ہے کہ سیاست کے تقریبا ہر شعبہ میں انقلابی تبدیلیاں لائی جائیں ۔ انھوں نے کہا کہ نئے سیاسی قائدین کے لیے کانگریس اور بی جے پی جیسی بڑی جماعتوں کے زیر غلبہ نظام میں تبدیلی لانا دشوار ہے کیوں کہ یہ جماعتیں بے شمار وسائل تک رسائی رکھتی ہیں ۔ غیر معمولی حالات کی وجہ سے اے اے پی ان جماعتوں کے غلبہ کو چیلنج کرسکی ہے اور کامیاب جماعت کی حیثیت سے ابھر سکی ہے ۔ انتخابی اور عدالتی اصلاحات پر زور دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ موجود نظام کے تحت ووٹ دینے کے بعد عام آدمی کا فیصلہ سازی یا پالیسی سازی میں کوئی عمل دخل نہیں رہتا ۔2فیصد سے زائد لوگ انصاف تک رسائی بھی نہیں رکھتے ۔ انھوں نے کہا کہ کرپشن کا سب سے بڑا اثر کارپوریٹ مافیا کی پیداوار ہے جس نے ملک میں اقتدار کے ڈھانچہ پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے ۔ اے اے پی جیسی دیانت دارانہ سیاسی تحریکوں سے ہم قدم آگے بڑھاسکتے ہیں جس کے لیے سارے ملک میں صحیح سوچ رکھنے والے افراد کی تائید اور حصہ داری درکار ہے ۔




کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں