کرش-3 - صرف چار دن میں 100 کروڑ آمدنی والے کلب میں داخلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-06

کرش-3 - صرف چار دن میں 100 کروڑ آمدنی والے کلب میں داخلہ

Krrish-3 hindi movie
گذشتہ تقریباً 60 سالوں کے دوران شاید پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے جب دیوالی سے پہلے کے 2-3 دن تک سینما گھروں میں چھائی رہنے والی ویرانی نظر نہیں آئی۔ دراصل دیوالی سے قبل والے ہفتہ میں معروف و مقبول اداکاروں کی میگا بجٹ فلم ریلیز کرنے سے ہر کوئی گریز کرتا ہے ، کیونکہ متذکرہ ہفتہ کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں کے لوگ دیوالی کی خریداری اور تیاریوں میں مصروف ہونے کے سبب سینما سے کنارہ کشی اختیار کر لیتے ہے۔ لیکن ایسے ماحول میں راکیش روشن نے اس بار اپنی ہوم پرڈكشن کمپنی کی تقریباً 90 کروڑ کے ضخیم بجٹ میں بنی ' كرش 3 ' کو دیوالی قبل ہفتہ میں ریلیز کرنے کا خطرہ اٹھایا اور ان کا پرخطر فیصلہ باکس آفس پر ایسا چمکا کہ ابتدائی 4 دنوں میں ہی كرش نے ملک و بیرون ملک میں ہوئے زبردست کلیکشن کے دم پر "100 کروڑ کلب" میں داخلہ حاصل کر لیا۔

' كرش 3 ' کے اس حیران کن دھماکے سے فلمی پنڈت بھی حیران ہیں۔ شمالی ہند کے فلم ٹریڈ سے وابستہ راج کمار مہروترا کہتے ہیں کہ دیوالی سے ٹھیک 2 دن پہلے اتنے بڑے بجٹ کی فلم کو ریلیز کرنے کا فیصلہ یقیناً خطرناک تھا، لیکن ہمیں اس تخلیق پر 100 فیصد اعتماد تھا۔ ریلیز کے پہلے ہی دن فلم نے 25۔30 کروڑ روپے آمدنی کے نشانہ کو پورا کر لیا۔ دلی ، یوپی ، ممبئی، راجستھان، مدھیہ پردیش، پنجاب ، ہریانہ سمیت زیادہ تر سینما مراکز پر پہلے دن 60 سے 97 فیصد کا کلیکشن کر کے اس فلم نے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

نئی دہلی کے ایک سنگل سکرین تھیٹر کے چیف جنرل منیجر این۔آر۔ سینی کہتے ہیں کہ دیوالی کے دن ناظرین کی تعداد 25 سے 35 فیصد کے درمیان رہتی ہے ، لیکن ' كرش 3 ' ریلیز کرنے والے زیادہ تر سنگل سکرین تھیٹر کا کلیکشن 70 سے 100 فیصد کے درمیان رہا۔ دوسری جانب دہلی ، این سی آر ، یوپی کے ملٹی پلکس تھیٹروں کی آمدنی کا اوسط 57 سے 99 فیصد تک رہا۔ جمعہ کو 25.30 کروڑ ، ہفتہ کو دیوالی کی شاپنگ اور انڈیا - آسٹریلیا کے فائنل میچ کے باوجود، 23.38 کروڑ اور باکس آفس پر سال کے سب سے کمزور دن مانے جانے والے دیوالی کے دن 24.57 کروڑ کا کلیکشن کیا۔

پیر کے دن تو دہلی اور یوپی کے نمایاں سینما گھروں سمیت دوسری ریاستوں میں باکس آفس کے مزاج اور اڈوانس میں 70 سے 90 فیصد ٹکٹوں کی فروخت کو مدنظر رکھتے ہوئے توقع ہے کہ کلیکشن کی تعداد 30 کروڑ کو چھو سکتی ہے۔ اوورسیز میں بھی اس فلم نے پہلے 3 دنوں میں 16.98 کروڑ کمائے۔ مغربی دہلی کے جی-3-ایس کے سربراہ ستیش کمار گرگ کے مطابق آج 5 ویں دن کی 60 فیصد سے زیادہ سیٹیں اڈوانس میں فروخت ہو چکی ہیں ، پھر دوسرے ہفتہ کے لئے ابھی سے اڈوانس بکنگ جاری ہے۔

دریں اثنا گزشتہ جمعہ ریلیز ہوئی ' مکی وائرس ' نے جہاں تقریباً 7.09 کروڑ کا کلیکشن کیا، تو ' ویک اپ انڈیا ' نے بھی 50 سے 60 فیصد کا مجموعی کلیکشن کرتے ہوئے پروڈكشن کمپنی کو راحت دلائی۔ اگلے جمعہ صرف رام گوپال ورما کی ' ستیا 2 ' ریلیز ہونے کے آثار ہیں، لہذا ان حالات میں اگر ' كرش 3 ' 200 کروڑ کے نشانے کو پار جائے تو شاید کوئی حیرت کی بات نہیں ہوگی۔

Krrish-3 entered in 100 crore club

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں