گوا میں نائیجریائی باشندوں کو نشانہ بنانے کے خلاف انتباہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-06

گوا میں نائیجریائی باشندوں کو نشانہ بنانے کے خلاف انتباہ

نائیجریائی قونصل خانہ کے ایک عہدیدار نے انتباہ دیا ہے کہ اگر پولیس نے نائیجریائی باشندوں کو گوا میں ان کے کرایہ کے مکانات سے نکالنا بند نہیں کیا تو ان کے ملک میں ہزاروں ہندوستانیوں کو سڑکوں پر پھینک دیا جائے گا۔ گوا میں نائیجریا ئی برادری کے ارکان، عہدیداروں اور پولیس ملازمین سے گذشتہ دو دن کے دوران ملاقات کرنے کے بعد کونسلر اتاشی جیکب نوادادیا نے کہا کہ حکومت کو رات نو بجے تک غیر قانونی تخلیہ بند کرانے کی مہلت حاصل ہے۔ انھوں نے بتا یا کہ ہندوستان میں صرف 50ہزار نائیجریائی مقیم ہیں لیکن نائجریا میں زائد از ایک ملین ہندوستانی بستے ہیں۔ اگر گوا میں نائیجریا ئی باشندوں کے زبر دستی تخلیہ کو بند نہیں کیا گیا تو وہاں مقیم ہندوستانیوں کو سڑکوں پر پھینک دیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ نائیجریا کا وقت ہندوستانی معیاری وقت سے 5گھنٹے پیچھے ہے اور نائیجریائی حکومت کو وہاں مقیم ہندوستانیوں کے خلاف احکام جاری کرنے کافی وقت ملے گا۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ حکومت گوا نے 200نائیجریائی باشندوں اور پولیس و مقامی عوام کے درمیان شدید جھڑپ کے بعد اس سیاحتی مرکز میں مقیم تمام بیرونی باشندوں کے خلاف مہم شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔ نائیجریائی باشندوں نے جو اپنے ایک ساتھی کے قتل کے خلا ف احتجاج کر رہے تھے ، پوسٹ مارٹم کے خلاف نائیجریائی کونسلر کی موجودگی کا مطالبہ کرتے ہوئے قومی شاہراہ نمبر 17کو کئی گھنٹوں کے لیے مسدود کردیا تھا۔ جھڑپوں کے دوران نائیجریائی باشندوں نے نہ صرف پولیس کی نعشوں کی منتقلی کی ویان کو تباہ کردیا تھا بلکہ نعش نکال کر سڑک کے درمیان رکھ دی تھی اور ٹریفک کی آمد و رفت مسدود ہوگئی تھی۔بعد ازاں انھوں نے خوف زدہ پولیس ملازمین کے ہاتھوں سے لاٹھیاں چھین لی تھیں اور کئی گھنٹوں تک پولیس و مقامی عوام کو دھمکاتے رہے تھے۔ اس دوران پولیس خاموش تماشائی بنی رہی تھی۔ اس تشدد کے بعد زائد از 50نائیجریائی باشندوں کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ بعد ازاں چیف منسٹر منوہر پاریکر نے دعوی کیا تھا کہ قتل منشیات کا کاروبار کرنے والے دو گروہوں کے درمیان جنگ کا نتیجہ ہے جب کہ نائیجریائی باشندوں نے کہا تھا کہ ان کے ساتھی کو مقامی ڈرگ مافیا نے ہلاک کیا ہے جسے ایک مقامی وزیر کی ہمدردیاں حاصل ہیں۔

Indians will be hit if Nigerians are targeted: Diplomat

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں