امریکہ شٹ ڈاؤن ختم- قرض مہلت میں توسیع- وفاقی ملازمین دوبارہ رجوع بکار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-18

امریکہ شٹ ڈاؤن ختم- قرض مہلت میں توسیع- وفاقی ملازمین دوبارہ رجوع بکار

امریکی کانگریس نے حکومت کی سر گرمیوں کے دوبارہ آغاز اور قرض تحدید کی مہلت میں توسیع کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ اس طرح گذشتہ 16روز سے جاری تعطل ( شٹ ڈاؤن) ختم ہوا۔ اس تعطل کے سبب یہ خطرہ پیدا ہوگیا تھا کہ امریکہ ، پہلی بار کہیں قرض نادہندہ نہ بن جائے۔ حفظان صحت سے متعلق اوباما کے قانون "اوباما کیر"پر ریپبلکین ارکان نے بحث مباحث میں ترش لب و لہجہ اخیتار کیا تاکہ مذکورہ قانون کو منظور نہ ہونے دیا جائے۔ تاہم ان ارکان نے اپنی شکست قبول کرلی اور آج (17اکتوبر(کی قرض تحدید مہلت ختم ہوگئی۔ قبل ازیں محکمہ خزانہ نے وارننگ دی تھی کہ امریکہ ، اپنے بلز ادا کرنے کے موقف میں نہیں رہے گا۔ آخری لمحات میں، ڈیمو کریٹس کی جانب سے صرف چند معمولی رعایتوں کے ساتھ ایک معاملت طے پائی۔ قبل ازیں اس معاملت کو ڈیمو کریٹک سنیٹ کے اکثریتی لیڈر ہیری ریڈ اور ان کے ریپبلیکن ہم منصب ایم میکونل نے مرتب کیا تھا۔ اس معاملت کو امریکی کانگریس کے دونوں ایوانوں میں دونوں جماعتوں کی وسیع تر تائید حاصل ہوئی۔ ڈیمو کریٹک ارکان کی زیر قیادت سنیٹ میں مذکورہ معاملت کی تائید میں (81)اور مخالفت میں (18)ووٹ آئے یعنی 45ریپبلیکن ارکان کے منجملہ صرف 18نے مخالفت کی جبکہ ریپبلیکن زیر کنٹرول ایوان نمائندگان میں 144کے مقابل 285ووٹ آئے یعنی ایوان زیریں میں 87ریپبلیکن ارکان، تمام 198ڈیمو کریٹس ارکان کی تائید کے اقدام میں شامل ہوئے۔ سنیٹ میں کل رات رائے دہی کی تھوڑی ہی دیر بعد اوباما نے کہا کہ ایوان نمائندگان میں یہ معاملت منظور ہوتے ہی"میں خود فوری دستخط کردوں گا۔ ہم، اپنے سرکاری امور کی انجام دہی فوری طور پر دوبارہ شروع کردیں گے۔ ہمارے سامنے بہت سا کام ہے۔ہمیں ، امریکی عوام کا اعتماد دوبارہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ گزشتہ چند ہفتوں سے ہم، عوام کے اعتماد سے محروم ہوچکے تھے۔ہم، حقیقی مسائل پر توجہ دیتے ہوئے اپنے کام کا آغاز کرسکتے ہیں۔ ایسے میں جبکہ مذکورہ معاملت (بل)کو دستخط کے لئے صدر کے پاس بھیجا گیا، وائٹ ہاؤز نے تمام وفاقی ملازمین سے خواہش کی کہ وہ آج (17اکتوبر کی) صبح رجوع بکار ہوجائیں۔ دفتر انتظامیہ و بجٹ کے ڈائرکٹر سلویا میتھو ز برویل نے کہا کہ اب ملازمین کو ، آج صبح رجوع بکار ہوجانا چا ہئے۔حکومت کے قرض تحد ید مہلت کو آئندہ 15جنوری سے بڑھا کر آئندہ 7فروری کردیا گیا ہے .ایوان نمائند گان اور سینٹ کے درمیان ، ایک طویل مدتی مصارف منصوبہ پر بجٹ مذاکرات مکمل کرنے کے لئے آئندہ وسط دسمبرتک کی مہلت مقرر کی گئی ہے۔ مذکورہ معاملت کی رو سے امریکی محکمہ خزانہ کو، قرض تحدید سے آگے بھی حصول قرض کی سہولت مل گئی۔ اسی دوران معتمد محکمہ خزانہ جیاک لیونے اپنے بیان میں کہا ہے کہ "آج کی کوششوں کے سبب ہم اپنے تمام معاہدات کا احترام کرنا جاری رکھیں گے اور ہم امریکی اقدار کو ملحوظ رکھیں گے۔

Obama signs bill ending partial shutdown, raising debt ceiling

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں