ڈیجیٹل جلاد یا افسانہ؟ جنگ، مصنوعی ذہانت اور سچ کی تلاش
پچھلے دنوں سوشل میڈیا پر ایک مضمون بعنوان "ڈیجیٹل جلاد: جب مصنوعی ذہانت نے امام خامنہ ای کو نشانہ بنایا" (تحریرکردہ: عارف انیس) خاصا گردش میں رہا۔ یہ مضمون ایک سنسنی خیز بیانیہ پیش کرتا ہے جس کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کو ایک ایسے فوجی آپریشن میں نشانہ بنایا گیا جس کی قیادت کسی انسانی کمانڈر نے نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت نے کی۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ کارروائی "آپریشن ایپک فیوری (Operation Epic Fury)" کے نام سے انجام دی گئی اور اس کی منصوبہ بندی و تکمیل میں 'انتھراپک' کے اے۔آئی ماڈل "کلاڈ (Claude AI)" نے مرکزی کردار ادا کیا۔ مضمون اسے انسانی تاریخ کا پہلا واقعہ قرار دیتا ہے جس میں کسی ہائی پروفائل ٹارگٹڈ کلنگ کی مکمل قیادت ایک مصنوعی ذہانت نے کی ہو۔
بیانیے کے مطابق حملے سے چند گھنٹے قبل امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے قومی سلامتی کے خدشات کے تحت کلاڈ کے استعمال پر پابندی کا اعلان کیا اور اوپن-اے۔آئی (OpenAI) جیسے متبادل کو ترجیح دینے کی بات کی۔ تاہم مضمون کا دعویٰ ہے کہ عملی طور پر امریکی سینٹرل کمانڈ پہلے ہی اس اے۔آئی کو دفاعی نظام میں اس قدر ضم کر چکی تھی کہ اسے ہٹانا ممکن نہ رہا، اور نتیجتاً آپریشن میں کلاڈ ہی مرکزی دماغ کے طور پر کام کرتا رہا۔ مضمون کے مطابق اس آپریشن کی تکنیکی بنیاد تین اہم ستونوں پر تھی۔ پہلا ستون پلانٹیر ٹکنالوجی (Palantir Technologies) کا ڈیٹا انضمام نظام تھا جس نے تہران کی سیٹلائٹ تصاویر، سڑکوں کے نقشے، سگنل انٹیلیجنس اور دیگر معلومات کو یکجا کیا۔ کلاڈ نے اس وسیع ڈیٹا کا تجزیہ کر کے ایسے پیٹرنز دریافت کیے جو انسانی آنکھ سے پوشیدہ تھے، اور ایک ایسا وقت اور مقام شناخت کیا جہاں اعلیٰ ایرانی قیادت ایک جگہ موجود تھی۔
دوسرا ستون اسپیس-ایکس (SpaceX) کا "اسٹار شیلڈ" نظام بتایا گیا ہے، جس نے خلا سے زمین تک محفوظ رابطہ فراہم کیا۔ مضمون کے مطابق اسی رابطے کے ذریعے AI نے ڈرونز اور میزائلوں کو براہِ راست کمانڈ دی اور انسانی مداخلت سے پیدا ہونے والی تاخیر کو ختم کر دیا۔ مزید یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ اینڈورل کے سافٹ ویئر ڈیفائنڈ ہتھیار لمحہ بہ لمحہ بدلتی صورتحال کے مطابق اے۔آئی کی ہدایات پر عمل کرتے رہے۔ تحریر کا مرکزی استدلال یہ ہے کہ مصنوی ذہانت نے اس آپریشن میں "اخلاقی ہچکچاہٹ" کو یکسر نظرانداز کیا اور محض منطقی کامیابی کی بنیاد پر فیصلے کیے۔ اسے مستقبل کی جنگوں کا آغاز قرار دیا گیا ہے جہاں طاقت گولی میں نہیں بلکہ کوڈ میں ہوگی، اور جہاں الگورتھم انسانی جان و موت کے فیصلے کریں گے۔ مضمون کے اختتام پر یہ سوال اٹھایا گیا ہے کہ کیا دفاعی دباؤ اور تزویراتی تقاضوں نے اے۔آئی کمپنیوں کے حفاظتی دعوؤں کو بے معنی بنا دیا ہے، اور کیا دنیا اب ایک ایسے دور میں داخل ہو چکی ہے جہاں مشینیں جنگ کی باگ ڈور سنبھال رہی ہیں۔۔۔؟!
جنگ، مصنوعی ذہانت اور سچ کی تلاش میں، سنجیدہ تحقیق کی ضرورت ہے کہ کیا ہماری دنیا میں واقعی ڈیجیٹل جلاد کا کردار ابھر آیا ہے یا یہ محض ڈیجیٹل افسانہ ہے؟ واضح رہے کہ عصرِ حاضر میں جنگ کا میدان صرف بارود اور بارڈر تک محدود نہیں رہا؛ اب یہ کوڈ، الگورتھم اور ڈیٹا سینٹرز تک پھیل چکا ہے۔ متذکرہ بالا مضمون میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے خلاف ایک ہائی پروفائل آپریشن کی قیادت کسی انسانی کمانڈر نے نہیں بلکہ ایک کمرشل مصنوعی ذہانت ماڈل نے کی۔ اس بیانیے میں ریاست ہائے متحدہ امریکہ کا مرکزی کمانڈ، پلانٹیر ٹیکنالوجی اور اسپیس-ایکس جیسے اداروں کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں۔ یہ دعویٰ اپنی نوعیت میں اتنا بڑا ہے کہ اس پر خاموشی بھی ایک موقف بن جاتی ہے۔ مگر صحافت کا اصول یہ ہے کہ غیر معمولی دعوے، غیر معمولی شواہد کے متقاضی ہوتے ہیں۔
سنسنی اور تحقیق کے درمیان باریک لکیر
کسی موجودہ ریاستی سربراہ کی ہلاکت محض عسکری کارروائی نہیں بلکہ عالمی سیاسی زلزلہ ہوتی ہے۔ ایسے واقعے کی صورت میں بین الاقوامی میڈیا، سفارتی حلقے، سلامتی کونسل، اور متعلقہ ریاستوں کے سرکاری بیانات فوری ردعمل دیتے ہیں۔ اگر دعویٰ درست ہوتا تو دنیا کی خبر رساں ایجنسیاں اسے مرکزی سرخی بناتیں۔ مگر یہاں صورتِ حال یہ ہے کہ بیانیہ زیادہ تر ادبی اور تمثیلی زبان میں پیش کیا گیا ہے: "ڈیجیٹل جلاد"، "سائلنٹ پروسیسر"، "اخلاقی ہچکچاہٹ کا خاتمہ"۔ یہ اسلوب فکر انگیز ضرور ہے، مگر ثبوت کا نعم البدل نہیں۔
کیا مصنوعی ذہانت واقعی جنگ کی قیادت کر سکتی ہے؟
یہ حقیقت ہے کہ جدید فوجی ادارے مصنوعی ذہانت کو ڈیٹا اینالیسس، سیٹلائٹ امیجری، پیٹرن شناخت اور لاجسٹکس میں استعمال کر رہے ہیں۔ مصنوی ذہانت سیکنڈوں میں وہ تجزیہ کر سکتی ہے جو انسان گھنٹوں میں کرتا ہے۔ لیکن ایک بنیادی فرق سمجھنا ضروری ہے: اے۔آئی کی معاونت اور اے۔آئی کی خودمختار قیادت دو الگ چیزیں ہیں۔ عالمی سطح پر اب بھی "انسانی نگرانی کے تحت فیصلہ سازی (Human-in-the-Loop)" کا اصول غالب ہے، یعنی مہلک کارروائی کا حتمی اختیار انسان کے پاس ہوتا ہے۔ مکمل خودمختار ٹارگٹڈ کلنگ کی کوئی سرکاری طور پر تسلیم شدہ مثال موجود نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اقوام متحدہ میں خودمختار ہتھیاروں پر بحث جاری ہے، کیونکہ دنیا اس مرحلے تک پہنچنے سے پہلے ضابطہ بندی چاہتی ہے۔
تکنیکی مبالغہ اور سائنسی حقیقت
زیرِ بحث تحریر میں یہ تاثر دیا گیا ہے کہ اے۔آئی نے نہ صرف ڈیٹا پروسیس کیا بلکہ براہِ راست میزائل اور ڈرون کنٹرول کیے، تاخیر کو ختم کیا، اور ایسا ناقابلِ اختراق مواصلاتی نظام استعمال کیا جسے ہیک کرنا ناممکن تھا۔ حقیقت یہ ہے کہ کوئی بھی نیٹ ورک مکمل طور پر ناقابلِ اختراق نہیں ہوتا۔ مواصلاتی نظام طبیعیاتی قوانین کے پابند ہوتے ہیں؛ روشنی کی رفتار سے تیز رابطہ سائنسی طور پر ممکن نہیں۔ اسی طرح کمرشل اے۔آئی ماڈلز کا براہِ راست جنگی ہتھیاروں سے جڑ جانا تکنیکی، قانونی اور اخلاقی لحاظ سے انتہائی پیچیدہ معاملہ ہے۔ یہ کوئی موبائل ایپ کی اپڈیٹ نہیں بلکہ ریاستی سطح کا سخت نگرانی والا ڈھانچہ ہوتا ہے۔
اصل خطرہ کہاں ہے؟
اصل سوال یہ نہیں کہ آیا ایک مخصوص آپریشن اے۔آئی نے کیا یا نہیں۔ اصل سوال یہ ہے کہ کیا ہم اس سمت میں جا رہے ہیں جہاں انسانی فیصلہ سازی کمزور ہو جائے گی؟ اے۔آئی جذبات سے عاری ہے، مگر ڈیٹا سے متاثر ہوتی ہے۔ اگر ڈیٹا جانبدار ہو تو نتیجہ بھی جانبدار ہوگا۔ اگر الگورتھم میں خامی ہو تو نقصان بھی انسانی ہوگا۔ خطرہ مشین کی بغاوت سے کم اور انسانی غفلت سے زیادہ ہے۔
نتیجہ: دانش اور توازن کی ضرورت
ہم ایک ایسے دور میں جی رہے ہیں جہاں ٹیکنالوجی کی رفتار، خبر کی رفتار سے تیز ہے، اور خبر کی رفتار تحقیق سے۔ یہی خلا سنسنی کو جنم دیتا ہے۔ مصنوعی ذہانت ایک طاقتور اوزار ہے، مگر اسے مافوق الفطرت ارادہ یا خودمختار سیاسی شعور دینا قبل از وقت ہے۔ ہمیں نہ ٹیکنالوجی سے خوف زدہ ہونا چاہیے اور نہ ہر وائرل بیانیے کو بلا تحقیق قبول کرنا چاہیے۔ جنگ کا مستقبل شاید واقعی کوڈ میں لکھا جا رہا ہو، مگر اس کوڈ کو بنانے، سنوارنے اور سنبھالنے کی ذمہ داری اب بھی انسان کے کندھوں پر ہے۔
سوال یہ نہیں کہ مشین کتنی طاقتور ہے۔
سوال یہ ہے کہ انسان کتنا ذمہ دار ہے۔
سید مکرم نیاز
مدیر اعزازی ، "تعمیر نیوز" ، حیدرآباد۔
taemeernews[@]gmail.com
![]() |
| Syed Mukarram Niyaz سید مکرم نیاز |
AI Warfare Debate: Is the 'Digital Executioner' Narrative About Khamenei a Technological Reality or a Viral Social Media Myth?






کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں