طوفان فائلین اڈیشہ اور آندھرا پردیش کے ساحل سے ٹکرا گیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-13

طوفان فائلین اڈیشہ اور آندھرا پردیش کے ساحل سے ٹکرا گیا

Cyclone-Phailin-hits-Odisha-Andhra
زبردست ترین طوفان باد باراں"فائلین"آج شام ، اڈیشہ اور آندھرا پردیش کے ساحلی علاقوں کی طرف بڑھ گیا جہاں زائد از 5.25لاکھ افراد کا تخلیہ کرادیا گیا ہے۔ زبر دست ہواؤں کے جھکڑ چلے جن کی رفتار 80کیلو میٹر فی گھنٹہ تھی جن کے سبب کم از کم 3افراد ہلاک ہوگئے۔زبردست بارش اور ان تیز رفتار ہواؤں کے سبب اڈیشہ کے کئی علاقوں میں درخت ، جڑوں سے اکھڑ گئے۔ آج رات 8بجے سوپر سائیکلون فائلن، گوپال پور ( اڈیشہ ) اور کالنگا پٹنم ( آندھر اپردیش ) کے قریب ساحل سے ٹکرا گیا۔ سائیکلون سے امکانی طور پر متاثر ہونے والے مخدوش علاقوں میں بری فوج ، فضائیہ ، بحریہ ، سی آر پی ایف اور نیشنل ڈیز اسٹر ریسپانس فورس کے دستوں کو متعین کردیا گیا ہے۔ آج شام 6.15بجے یہ طوفان گو پال پور سے لگ بھگ 150کیلو میٹر دورجنوب مشرق میں اور پرادیپ سے 260کیلو میٹر مشرق میں مرکوز تھا۔ طوفان فائلین، جیسے جیسے قریب آرہا تھا، ساحل اڈیشہ پر سطح سمندر میں اضافہ ہوتا جارہا تھا۔ ساحلی علاقہ کے کئی اضلاع بشمول گجپتی، گجنام، جگت سنگھ پور ، پوری، کٹک، بھدرک اور کیندرا پاڑہ میں زبردست تا بہت زبردست بارش کی اطلاع ملی ہے۔ آئندہ6گھنٹوں میں ساحل اڈیشہ کے قریب 80تا90کیلو میٹر فی گھنٹہ اور بعد میں 100کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طوفانی ہوائیں چلیں گی۔ دفتر موسمیات کے خبر نامہ کے بمو جب "طوفان فائلین کے ٹکرانے کے وقت ، ساحلی اڈیشہ کے 8اضلاع میں طوفانی ہواؤں کی رفتار 210تا220کیلو میٹر فی گھنٹہ اوربالآخر 240کیلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ جائے گی۔تین تا ساڑھے تین میٹر بلند لہریں اٹھنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ اضلاع گنجام ، خوردہ پوری اور جگت سنگھ پور کے نشیبی علاقوں میں پانی بھر جانے کا امکان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ طوفان فائلین کی شدت ،6گھنٹوں میں اس کی شدت بتدریج کم ہوگی اور کم شدت کا یہ طوفان ، اڈیشہ کے دور دراز شمال مغربی علاقوں کی طرف بڑھے گا۔ ہوڑہ اور وشاکھا پٹنم کے درمیان تمام ٹرینیں معطل کردی گئی ہیں۔ ساحل اڈیشہ کے علاقوں میں برقی کی سر براہی منقطع کر دی گئی ہے۔ احتیاطی اقدام کے طور پر ساحلی آندھرا کے 3اضلاع میں بھی برقی کی سر براہی منقطع کر دی گئی ہے۔ احتیاطی اقدام کے طور پر ساحلی آندھرا کے 3اضلاع میں بھی ترقی کی سر براہی منقطع کردی گئی ہے۔اڈیشہ کے دارالحکومت بھوبنیشور سے پروازوں اور ٹرینوں کو بھی معطل کردیا گیا ۔ بھو بنیشور سے ایر انڈیا اور انڈیگو اور جیٹ ایر ویز کی 10پروازوں کو جو یا تو لینڈنگ کرنے والی تھیں یا ٹیک آف کرنے والی تھیں، منسوخ کردیا گیا ہے۔ ڈائر کٹر بیجو پٹنائک انٹر نیشنل ایر پورٹ شرو کمار نے پی ٹی آئی کو یہ بات بتائی ۔ حکومت نے اس ہلاکت خیز طوفان میں سے نمٹنے کی تیاری کرلی ہے ۔1999میں آئے طوفان کے بعد یہ سب طاقتور طوفان ہے۔ 1999کے طوفان میں انڈیشہ میں جو تباہی آئی تھی ، اس میں کم از کم 9ہزار افراد لقمہ اجل بن گئے تھے ۔ اسی دوران مرکزی معتمد داخلہ انیل گو سوامی نے نئی دہلی میں اخبار نویسوں کو بتایا کہ " ہماری تمام تر توجہ انسانی جانوں کے اتلاف کو روکنے پر مرکوز ہے ۔ اب تک ہم نے اڈیشہ میں 4.25لاکھ افراد آندھرا پردیش میں ایک لاکھ افراد کا تخلیہ کرادیا ہے"۔ بیشتر تخلیہ کنذ گان ،دونوں ریاستوں میں خصوصی طور پر تیار کردہ 500سائیکلون کیمپس میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔ایسے ہر کیمپ میں دیڑھ ہزار افراد تک کے ٹھہرنے کی گنجائش ہے۔ جبکہ ان شلٹرس کے گراونڈ فلورس کو مویشیوں کے شلٹر کے طور پر استعمال کیا جاسکتاہے ۔محکمہ موسیمات کے عہد یداورں نے بتایا کہ فائلن سائیکلون کا اثر ،رات کے دوران بہت زیادہ ہوگا اور صبح ہونے کے بعد بتدریخ اس کا اثر کم ہوگا ۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی نے کہا ہے کہ اس نے آندھراپردیش ، اڈیشہ اور مضربی بنگال میں نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے تقریبا 2ہزار ارکان کو کو متعین کردیا ہے متاثرہ علاقہ میں لوگوں میں تقسیم کیلئے 5لاکھ ٹن غذائی اجناس رکھے گئے ہیں۔

Cyclone Phailin hits Odisha, Andhra Pradesh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں