مودی کو گجرات فسادات کیلئے معاف نہیں کیا جا سکتا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-27

مودی کو گجرات فسادات کیلئے معاف نہیں کیا جا سکتا

مودی کو گجرات فسادات کیلئے معاف نہیں کیا جا سکتا
کلب صادق کے بیان پر مرکزی وزیر بینی پرساد ورما کا ردعمل
نئی دہلی
( پی ٹی آئی)
سینئر کانگریس قائد و وزیر فولاد بینی پرساد ورما نے آج کہا کہ اگر چیف منسٹر گجرات نریندر مودی 100مرتبہ بھی معافی مانگیں تب بھی انہیں گجرات میں 2002کے فسادات کیلئے معاف نہیں کیا جاسکتا ۔ وہ گجرات پر ایک داغ ہیں۔ بینی پرساد ، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے نائب صدر مولانا کلب صادق کے اس بیان پر ردعمل ظاہر کر رہے تھے کہ اگر بی جے پی کے وزرات عظمی امیدوار اپنے آپ کو تبدیل کرلیں تو وہ انہیں ووٹ دے سکتے ہیں۔ کلب صادق نے کل بریلی میں کہا تھا کہ مودی کے قول و فعل میں تضاد ہے۔ لیکن مودی اپنے آپ کو اگر تبدیل کرلیں تو میں انہیں ووٹ دے سکتا ہوں ۔ بینی پرساد ورما نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ گجرات کے سینکڑوں افراد فسادات میں حصہ لینے اتر پردیش کے مظفر نگر نگر پہنچے تھے کیونکہ بی جے پی اور سماج وادی پارٹی کے درمیان بابری مسجد تحریک کے دو ر سے ہی ایک خفیہ معاہدہ چلا آرہا ہے۔ انہوں نے سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اتر پردیش کو سنبھالنے کے ہی قابل نہیں ہیں جس کی مثال مظفر نگرکے حالیہ تشددہے، اس کے باوجود ملک کے وزیر اعظم بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ اسی دوران انہوں نے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کے اس بیان کا دفا ع کیا کہ پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسیاں مظفر نگر کے فساد متاثرین کو دہشت گردی کی طرف راغب کرنے کی کوشش کررہے ہیں ورما نے کہا کہ راہول وہی کہتے ہیں جو ان کے دل میں ہوتا ہے، وہ کوئی بات نہیں چھپاتے۔ جمہوریت میں رازداری برتنے کی کوئی گنجائش نہیں۔
مظفر نگر کے متاثرین سے متعلق راہول کا بیان، وزرات داخلہ کا اظہار لاتعلقی
یو این آئی کے بمو جب مسلم نوجوانوں کے آئی ایس آئی سے ربط سے متعلق ریمارک پر تقریبا ہر گوشہ سے راہول گاندھی کو ہدف تنقید بنائے جانے کے بعد مرکزی وزرات داخلہ نے کانگریس کے نائب صدر کے تبصرہ سے لاتعلقی اختیار کی ہے۔ وزرات داخلہ کے ذرائع کے مطابق وزرات نے حکومت اترپردیش کو ایسی کوئی اطلاع فراہم نہیں کی تھی کہ پاکستان کی انٹر سرویسز انٹلی جنس ایجنسی مظفر نگر کے حالیہ فسادات متاثرین سے ربط قائم کیا ہے تاکہ انھیں دہشت گردی کے لیے بھرتی کیا جاسکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزرات داخلہ کا اس تبصرہ سے کوئی لینا دینانہیں۔ حکومت اتر پردیش کو بھی انٹلیجنس کی ایسی اطلاعات کی کوئی خبر نہیں تھی۔

مسلمانوں کو مودی کا خوف کھبی نہیں دلایا : رحمن خان
نئی دہلی
( یو این آئی)
اقلیتی امور کے مرکزی وزیر کے رحمن خان نے جمعیتہ علما ء ہند کے رہنما مولانا محمود مدنی کے ذریعہ کانگریس پر مسلمانوں کو بی جے پی کے وزیر اعظم کے عہدہ کا امیدوار نریندر مودی کا خوف دلا کر ان کا ووٹ حاصل کرنے کے الزا م کو مسترد کردیا ہے اور ان سے مسلمانوں کی بہتری کے لیے تجویز پیش کرنے کی اپیل کی ہے۔ مسٹر خان نے کہا کہ مسٹرمودی نے گجرات کے وزیر اعلی کے عہدے پر رہتے ہوئے اپنی ریاست میں جو کچھ کیا وہ مسلمانوں کے بچے بچے کو پتہ ہے۔ کانگریس نے مسٹر مودی کا خوف نہیں دلایا اور نہ ہی اس کی کوئی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اپنے کام کی بنیاد پر ووٹ مانگتی ہے اور ترقی پسند اتحاد حکومت نے گزشتہ 9برسوں میں اقلیتوں کے مفاد میں ٹھوس قدم اٹھائے ہیں۔


Cant pardon Modi for Gujarat riots Beni Prasad Verma

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں