کول گیٹ اسکام - سی بی آئی کی جانب سے نئی ایف آئی آر درج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-16

کول گیٹ اسکام - سی بی آئی کی جانب سے نئی ایف آئی آر درج

کوئلہ بلاک کے اسکام میں سی بی آئی نے آج آدتیہ برلا گروپ کے صدر کمار منگلم برلا اور سابق کوئلہ سکریٹری کے خلاف کیس درج کیا ہے۔ سی بی آئی کے عہدیداروں کے مطابق تازہ معاملہ میں اس وقت کے سکریٹری پی سی پاریکھ ، ہنڈالکو، برلا اورچند دیگر افراد کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے۔ سی بی آئی دہلی ، بھوبنیشور ، حیدر آباد اور ممبئی میں تلاشی مہم چلار ہی ہے۔ ذرائع کے مطابق دفعہ 120بی اور انسداد بدعنوانی قانون کی دفعہ 13کے تحت یہ معاملہ درج کیا گیا ہے۔ کوئلہ بلاک کے الاٹمنٹ میں بدعنوانیوں کے سلسلے میں سی بی آئی نے یہ14واں ایف آئی آر درج کیا ہے۔ آدتیہ برلا گروپ کے 46سالہ سر براہ کو پوچھ تاچھ کے لئے طلب کیا جائے گا۔ ایجنسی نے برلا کا نام کمپنی کے نمائندہ کی حیثیت سے درج کیا ہے۔ اس کمپنی کو 10نومبر 2005میں دو کوئلہ بلاک مختص کئے گئے تھے۔ یہ کوئلہ برقی پیداوار کے لئے فراہم کیا جانے والا تھا۔ سی بی آئی کی جانب سے ہنڈالکو کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد پہلا اثر یہ ہوا کہ اس کے حصص کی قیمت میں آج صبح 1.27فیصد کی کمی آگئی۔ برلا کی چند دیگر کمپنیاں بھی متاثر ہوئی ہے۔ اس وقت سکریٹری کوئلہ کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے پاریکھ کے خلاف رشوت ستانی کے معاملات درج کئے گئے ہیں۔ سی بی آئی نے یہ کارروائی ایسے وقت کی ہے جبکہ سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو فائلوں کی گمشدگی کے بارے میں سخت سست کہا ہے اور خود اس معاملہ کی تحقیقات کی نگرانی کرر ہی ہے۔ مرکز نے 29اگست کو لاپتہ فائلوں کے بارے میں سپریم کورٹ کی سرزنش کا سامنا کیا تھا۔ عدالت بالا نہ وزرات کوئلہ کو ہدایت دی تھی کہ وہ فائلوں کی گمشدگی کے سلسلہ میں سی بی آئی میں شکا یت درج کرائے۔ ساتھ ہی عدالت نے نشاندہی کی کہ سی بی آئی نے اپنے تحقیقات میں کچھ خاص پیشرفت نہیں کی ہے اور ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ کوئلہ اسکام میں ملوث تمام کمپنیوں کے خلاف اپنی تحقیقات اس سال دسمبر تک مکمل کرے اور اس نے سی بی آئی کو 22اکتوبر تک موقف رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ نوین جندال اور سابق وزیر مملکت برائے کوئلہ داسے نارائن راؤ پر بھی سی بی آئی نے رشوت ستانی کا الزام عائد کیا ہے۔ جندال اور راؤ کے علاوہ سی بی آئی نے جندال کی کمپنیوں کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا ہے جن میں جندال اسٹیل اینڈر پاور لمیٹیڈ ، گگن اسپونچ شامل ہیں۔ انہیں 2008میں جھار کھند کے بیر بھم کوئلہ بلا کے مختص کیا گیا تھا۔ سی بی آئی نے دہلی میں قائم ایک کمپنی راتی اسٹیل اینڈ پاور لمیٹید کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا ہے۔

CBI files fresh FIR in coal scam, names Hindalco, former coal secretary

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں